سری لنکاکیخلاف گل، عرفان اور سمیع کی پاکستانی ٹیم میںشمولیت غیر یقینی

کراچی ۔26 جون (سیاست ڈاٹ کام ) جولائی کے پہلے ہفتے میں پاکستانی کرکٹ سلیکٹرز لاہور میں ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ وقار یونس اور کپتان مصباح الحق کے ساتھ سر جوڑ کی بیٹھ رہے ہیں۔ اس اجلاس میں سری لنکا کے خلاف ٹسٹ اور ون ڈے کے لئے پاکستانی ٹیم کے ناموں کو حتمی شکل دی جائے گی۔ سلیکٹر جن ناموں پر غور کررہے ہیں ان میں ٹسٹ میچوں کے لئے تجربہ کار عمر گل، طویل قامت محمد عرفان اور پاکستان کے سب سے تیز بولر محمد سمیع شامل نہیں ہے۔ تاہم ڈیڑھ برس بعد یونس خان کی ون ڈے ٹیم میں شمولیت کا امکان روشن ہے۔

باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ وقار یونس لاہور کے گرم موسم کی وجہ سے تاخیر سے پاکستان آرہے ہیں۔ دریں اثناء سلیکٹرز معین خان، سلیم یوسف، شعیب محمد، اعجاز احمد، وجاہت اللہ واسطی اور محمد اکرم کے ساتھ ٹیم انتظامیہ کا پہلا اجلاس6 جولائی کو لاہور میں ہونے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق سری لنکا کے گرم موسم کی وجہ سے سلیکٹرزفاسٹ بولروں کی بجائے اپنے اسپنرز سعید اجمل اور عبدالرحمن پر انحصار کریں گے۔ فاسٹ بولنگ کی ذمہ داریاں بائیں ہاتھ کے بولر جنید خان، راحت علی ، محمد طلحہ اور بلاول بھٹی کو ملنے کا امکان ہے۔ عمر گل کی فٹنس انہیں پانچ روزہ مقابلے کھیلنے کی اجازت نہیں دی دیتی۔ محمد عرفان بھی ٹسٹ میچوں کے لئے صد فیصد فٹ نہیں ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سمیع اس وقت بھی سب سے تیز ہیں لیکن کپتان انہیں واپسی کرانے کے موڈ میں نہیں ہیں۔ اس لئے وقار یونس کا ووٹ اہم ہوگا۔