سری لنکانے ونڈے سیریز 2-1سے جیت لی

دمبولا۔30اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) فاسٹ بولر تہسارا پریرا نے 34رنز دے کر چار وکٹیں اور دلشان نے ناقابل تسخیر 50رنز اسکور کرتے ہوئے پاکستان کے خلاف یہاں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے اور فیصلہ کن مقابلہ میں ٹیم کو 7وکٹوں سے ہمکنار کیا جس کی بدولت میزبان ٹیم نے 2-1کی کامیابی حاصل کرلی ۔ دریں اثناء دمیکاپرساد نے بھی دو وکٹیںحاصل کرتے ہوئے پاکستان کو 102رنز پر آل آؤٹ کرنے میں اپنا رول ادا کیا ۔ بارش سے متاثرہ اس مقابلہ میں سری لنکا کو کامیابی کیلئے نظرثانی کے بعد 101رنز کا نشانہ دیا گیا تھا جسے اس نے 19ویں اوورس میں حاصل کرلیا ۔ جس وقت بارش کی وجہ سے مقابلہ ایک گھنٹے کیلئے متاثر رہا اس وقت پاکستانی ٹیم پہلے سیشن میں 26اوورس کے بعد محض 81رنز پر اپنے 8وکٹس گنوا چکی تھی ۔ بارش سے متاثر ہونے کی وجہ سے مقابلہ کو 48اوورس فی اننگز تک محدود کردیا گیا تھا ۔ آسان نشانہ کے تعاقب میں سری لنکا کو اُوپل تھرنگا اورکمارا سنگاکارا کی وکٹوں کا جلد نقصان برداشت کرنا پڑا لیکن مہیلا جئے وردھنے (26)اور دلشان نے تیسری وکٹ کیلئے ناقابل تسخیر 41رنز کی پارٹنرشپ نبھائی۔دلشان نے آفریدی کی گیند پر ایک چوکا لگاتے ہوئے اپنی نصف سنچری اور ٹیم کو سیریز میں کامیابی سے ہمکنار کیا ۔ پاکستان کیلئے فواد عالم اعظم ترین انفرادی اسکور بنانے والے بیٹسمین رہے جنہوں نے 38رنز اسکور کئے ۔ دریں اثناء پاکستان کے 8بیٹسمین دوہرے ہندسے کو عبور نہیںکر پائے۔ ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا مصباح الحق کا فیصلہ غلط ثابت ہوا اور ایک سست وکٹ پر ساری ٹیم 32.1اوورس میں آل آؤٹ ہوگئی۔