کولمبو۔6 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) سری لنکا نے ہندوستان کے خلاف تین ٹسٹ میچوں کی سیریز کیلئے ٹیم کا اعلان کردیا ہے اور ناقص فارم کے سبب کشال مینڈس اور کوشل سلوا ٹیم میں جگہ بنانے میں ناکام رہے۔تجربہ کار بیٹسمین دنیش چندیمل ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ اسکواڈ میں آل راؤنڈرز داسن شناکا اور دھننجیا ڈی سلوا کو دوبارہ طلب کیا گیا ہے۔پاکستان کے خلاف سیریز میں شرکت نہ کرنے والے سابق کپتان اور مایہ ناز آل راؤنڈر اینجلو میتھیوز بھی زخم سے صحتیاب ہو گئے ہیں اور انہیں بھی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔چند ماہ قبل ہوم سیریز میں ہندوستان کی میزبانی کرنے والی سری لنکائی ٹیم کو مہمان ٹیم نے ٹسٹ، ونڈے اور ٹی20 میں کھیل کے تمام شعبوں میں مات دیتے ہوئے تینوں سیریز میں کلین سوئپ کیا تھا۔سری لنکا اورہندوستان کے درمیان پہلا ٹسٹ میچ 16 نومبر کو کولکتہ میں کھیلا جائے گا جس کے بعد دونوں ٹیموں 24 سے ناگپور میں دوسرے ٹسٹ میچ میں مدمقابل ہوں گی اور سیریز کا آخری ٹسٹ میچ میں دو سے چھ دسمبر تک دہلی میں کھیلا جائے گا۔سیریز کیلئے سری لنکن اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔دنیش چندیمل(کپتان)، دمتھ کرونارتنے، دھننجیا ڈی سلوا، سدیرا سمارا وکراما، اینجلو میتھیوز، لہیرو تھریمانے، رنگنا ہیراتھ، سورنگا لکمل، دلرووان پریرا، لہیرو گماگے، لکشن سنداکن، وشوا فرنینڈو، داسن شناکا، نروشن ڈکویلا اور روشن سلوا۔