سری سیلم پراجکٹ کی سطح آب میں تیزی سے اضافہ

حیدرآباد ۔ 18 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : ریاست آندھرا پردیش کے ضلع کرنول میں واقع سری سیلم پراجکٹ میں پانی کے تیز بہاؤ کی وجہ سے پراجکٹ کی سطح آب میں زبردست اضافہ ہورہا ہے ۔ جس کے نتیجہ میں سری سیلم پراجکٹ کی جملہ سطح آب 885 فٹ کے منجملہ فی الوقت سطح آب زائد از 881.01 ہوچکی ہے اور اچانک پراجکٹ کی سطح آب میں اس غیر معمولی اضافہ کے باعث 2,07,561 لاکھ کیوسیکس پانی کا سری سیلم پراجکٹ سے دریائے کرشنا کے لیے اخراج عمل میں لایا جارہا ہے ۔ جب کہ فی الوقت سری سیلم پراجکٹ میں پانی کا ان فلو ( پانی کی آمد ) 3,47,671 لاکھ کیوسیکس ہے ۔ اس طرح پانی کی سطح آب میں اضافہ کے نتیجہ میں فی الوقت سری سیلم پراجکٹ کے چار گیٹس کھول دئیے گئے ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ آئندہ ایک ہفتہ تک سری سیلم پراجکٹ میں پانی کی آمد ( ان فلو ) اسی تیز رفتاری کے ساتھ جاری رہنے کا قوی امکان پایا جاتا ہے ۔ سری سیلم پراجکٹ عہدیداروں کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ سری سیلم پراجکٹ کی سطح آب تقریبا مکمل ہوجانے کی وجہ سے سری سیلم پراجکٹ ’ ایک بھرے ہوئے گھڑے ‘ کی طرح دکھائی دے رہا ہے ۔ اسی ذرائع نے مزید بتایا کہ سری سیلم پراجکٹ میں پانی کے ذخیرہ کی گنجائش 215 ٹی ایم سی پائی جاتی ہے جب کہ فی الوقت سری سیلم پراجکٹ میں پانی کی مقدار زائد از 193.8 ٹی ایم سی تک ہوچکی ہے ۔ سری سیلم پراجکٹ سے خارج کئے جانے والے پانی کے تیز بہاؤ کی وجہ سے ناگرجنا ساگر پراجکٹ کی سطح آب میں بھی تیزی سے اضافہ ہورہا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ناگرجنا ساگر پراجکٹ میں گذشتہ سال ماہ اگست میں پائے جانے والے پانی کے ذخیرہ کے مقابلہ میں جاریہ ماہ اگست میں پانی کے ذخیرہ میں کافی حد تک اضافہ ہواہے ۔۔