سری ریڈی کے خلاف نعرے بازی اداکارہ مادھوی لتا کا احتجاج

حیدرآباد ۔ /18 اپریل (سیاست نیوز) تلگو فلم صنعت میں اداکاراؤں سے ناانصافی کے خلاف نیم برہنہ احتجاج کرنے والی سری ریڈی کے تلگوسوپر اسٹار پون کلیان کے خلاف دیئے گئے بیان پر ایک اور تلگو فلم اداکارہ مادھوی لتا نے اچانک احتجاج کیا ۔ تفصیلات کے بموجب مادھوی لتا نے فلم چیمبرس کے مووی آرٹسٹ اسوسی ایشن کے دفتر کے روبرو آج صبح اچانک اپنے حامیوں کے ساتھ دھرنا منظم کیا جس میں سری ریڈی کے خلاف نعرے لگائے گئے اور اس کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ۔ اس بات کی اطلاع ملنے پر پولیس بنجارہ ہلز فلم چیمبر پہونچکر احتجاج کرنے والی تلگو فلم اداکارہ مادھوی لتا کو پولیس اسٹیشن منتقل کیا جہاں پر وہ اپنا احتجاج جاری رکھا ۔ سری ریڈی نے پون کلیان کے خلاف حالیہ دنوں دیئے گئے اپنے بیان میں یہ بتایا کہ اسے افسوس ہے کہ پون کلیان کو اس نے اپنا بھائی مانا ۔ بیان دینے کے دوران سری ریڈی نے خود کو اپنی چپل سے طمانچہ رسید کیا تھا اور ٹوئیٹر پر بھی پون کلیان کے خلاف الزامات عائد کرتی رہی ۔ مادھوی لتا نے سری ریڈی کے اس رویہ کے خلاف اپنا اعتراض ظاہر کیا اور پون کلیان کو اس تنازعہ میں ملوث کرنے پر شدید برہمی کا اظہار کیا ۔ پولیس بنجارہ ہلز نے مادھوی لتا کو شخصی ضمانت پر رہا کردیا ۔