بنگلور 16 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) حکومت کرناٹک نے متنازعہ دائیں بازو کی تنظیم سری رام سینا کو خبردار کیا ہے کہ اگر وہ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث رہی تو اس پر امتناع عائد کیا جائے گا ۔ ریاستی وزیر داخلہ کے جے جارج نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اگر پولیس اس تنظیم کی سرگرمیوں کے بارے میں منفی رپورٹ پیش کرتی ہے تو ہم بھی گوا میں منوہر پریکر حکومت کی طرح سری رام سینا پر امتناع عائد کردیں گے ۔ واضح رہے کہ گوا میں 20 اگست سے سری رام سینا پر امتناع عائد ہے ۔ اس تنظیم کے سربراہ پرمود متالک نے حال ہی میں گوا میں ’’پب کلچر‘‘ کو ختم کرنے کے منصوبہ کا اظہار کیا تھا۔ اس تنظیم نے 2009 میں منگلور میں واقع پب پر حملہ کرتے ہوئے وہاں موجود نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کو نشانہ بنایا تھا۔اخلاقی پولیس ہونے کا دعوی کرتے ہوئے سری رام سینا نے گوا میں بھی پبس اور نائیٹ کلبس کو بند کرنے کا انتباہ دیا تھا۔