سرینگر 20 جون (سیاست ڈاٹ کام )سرکاری عہدیداروں نے پرانا شہر سرینگر کے علاقوں میں کرفیو جیسی تحدیدات نافد کردی تا کہ اعتدال پسند حریت کانفرنس کے مجوزہ جلوس کو ناکام بنایا جائے ۔ انہوں نے احتیاطی اقدام کے طور پر پارٹی کے صدر نشین میر واعظ عمر فاروق کو ان کی قیامگاہ پر نظر بند کردیا ۔ پولیس کے ترجمان کے بموجب قانون تعزیرات ہند کی دفعہ 144 کے تحت احتیاطی اقدام کے طو رپر شہر کے پانچ پولیس اسٹیشنوں کی حدود میں تحدیدات نافد کی گئی ہیں۔ دریں اثناء میر واعظ کو ان کے کئی ساتھی قائدین کے ساتھ ان کی قیامگاہوں پر نظر بند کردیا گیا جن میں عبدالغنی بھٹ ،آغاسید علی صفوی، مولوی عباس انصاری اور شاہد الاسلام شامل ہیں۔میر واعظ نے شہر کے قلب سے جلوس نکالنے کا اعلان کیا تھاجو شیر کشمیر پارک میں جلسہ عام میں تبدیل ہوجانے والا تھا۔ عوامی ایکشن کمیٹی کی پچاس ویں سالگرہ کے موقع پر یہ جلوس نکالا جارہا تھا۔