سرینواسن سے سابق کھلاڑیوں نے استعفیٰ کا مطالبہ کردیا

نئی دہلی ۔ 25 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بی سی سی آئی کے صدر این سرینواسن کو سپریم کورٹ نے صدرکے عہدہ سے مستعفی ہونے کا حکم دیتے ہوئے انہیں دو دن کا وقت دیا ہے لیکن ساتھ ہی ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کئی سابق کھلاڑیوں نے انہیں سبکدوش ہوجانے کا مطالبہ کیا ہے۔ سپریم کورٹ نے سربمہر رپورٹ داخل کرنے کے بعد جسٹس اے کے پٹنائک کی صدارت میں بنچ نے آئی پی ایل اسپاٹ فکسنگ الزامات کو سنگین نوعیت کے قرار دیتے ہوئے بی سی سی آئی کے صدر سرینواسن کو عہدہ سے مستعفی ہونے کا حکم دیا ہے اور سپریم کورٹ کے اس فیصلہ کے بعد سابق کھلاڑیوں میں مہندر امرناتھ، بشن سنگھ بیدی، نے کہا ہیکہ سرینواسن کو بی سی سی آئی کے عہدہ سے اب مستعفی ہوجانا چاہئے

جبکہ راجستھان کرکٹ اسوسی ایشن کے صدر اور بی سی سی آئی کے سابق ایڈمنسٹریٹر کشور رونگتا نے بھی سرینواسن سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا ہے۔ سرینواسن کو بی سی سی آئی کے اندرون بھی مخالفت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جیسا کہ بورڈ کے نائب صدر شیولال یادو نے بھی کہا ہیکہ سرینواسن کو عدالت کے فیصلہ پر فوراً عمل کرنا چاہئے۔ یادو نے کہا کہ سپریم کورٹ نے فیصلہ سنایا ہے اور اسے اب کوئی چیلنج نہیں کرسکتا لہٰذا اسے قبول کرنا ہی پڑے گا۔ سپریم کورٹ نے اب جب اپنا فیصلہ سنا دیا ہے تو اب اس پر نظرثانی کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا اور بی سی سی آئی کو سپریم کورٹ سے ملنے والی ہدایت پر عمل کرنے کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں۔ امرناتھ نے کہا کہ کھیل کے مفاد میں شفاف تحقیقات ناگزیر ہیں۔