سرینواسن اور شرد پوار کی ملاقات صدارتی دوڑ میں گرماہٹ

نئی دہلی ؍ ناگپور ، 24 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) جگموہن ڈالمیا کے انتقال کے بعد بی سی سی آئی میں قیادت کیلئے شدت سے جاری لڑائی نے نیا موڑ لے لیا ہے کیونکہ معروف حریفوں اور بورڈ کے سابق سربراہوں این سرینواسن اور شرد پوار نے ناگپور میں حیران کن میٹنگ منعقد کی ہے۔ موجودہ صدر آئی سی سی سرینواسن جو طویل عرصہ پوار کے ساتھ تصادم کی راہ پر رہے ہیں، معلوم ہوا ہے کہ انھوں نے طاقتور مراٹھا لیڈر سے کل رات سابق مرکزی وزیر اور این سی پی لیڈر پرفل پٹیل کی قیامگاہ پر ملاقات کی جو دو گھنٹے چلی۔ پوار موجودہ طور پر خشک سالی سے متاثرہ ودربھ کے دورے پر ہیں۔ اگرچہ یہ معلوم نہیں کہ اس میٹنگ میں قطعی طور پر کیا بات چیت ہوئی، لیکن سمجھا جاتا ہے کہ کرکٹ بورڈ میں قیادت کا موجودہ خلاء ایجنڈے پر رہا۔ سرینواسن خصوصی طیارہ کے ذریعے ناگپور پہنچے۔ وہ توقع ہے بورڈ میں موجود اپنے وفاداروں سے بھی بنگلورو میں ملاقات کرنے والے ہیں۔ ڈالمیا کے جانشین کیلئے اُن کے ایسٹ زون سے امیتابھ چودھری اکثریتی امیدوار بن کر ابھرے ہیں۔