سرینا کی ریکارڈ کامیابی ‘مرے اور واؤرنکا کی پیشقدمی

نیویارک۔4 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) امریکی ٹینس اسٹار سرینا ولیمز نے یو ایس اوپن کے چوتھے راؤنڈ میں پہنچنے کے ساتھ ہی 307ویں مرتبہ گرانڈ سلام میچ جیتنے کا نیا عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔یوایس اوپن 2016 کے تیسرے مرحلے میں کامیابی کے بعد اب سرینا سابق اسٹار مارٹینا ناوراتیلوا سے آگے نکل کر نہ صرف سب سے زیادہ مقابلے جیتنے والی خاتون کھلاڑی بن گئی ہیں بلکہ وہ مردوں میں فاتح راجر فیڈرر کے ریکارڈ کی بھی برابری کرچکی ہیں۔ انھوں نے سویڈن کے جوہانہ لارسن کو 2-6 ‘ 1-6 سے شکست دی۔خیال رہے کہ رواں برس جولائی کے آغاز میں سرینا ولیمز نے خاتوں زمرے کے سنگلز میں جرمنی کی انجلیک کربر کو شکست دیکر اپنا ساتواں ومبلڈن خطاب حاصل کیا تھا اور اسٹیفی گراف کا 22 گرانڈ سلام خطاب جیتنے کا ریکارڈ بھی برابر کر دیا تھا۔34 سالہ سرینا نے 1990 میں پہلا گرانڈ سلام جیتا تھا۔

سرینا کے بموجب جیت حاصل کر کے اور مردوں اور خواتین میں اوپر کے نمبر پر جگہ ملنا بہت ہی اعلیٰ اور غیر معمولی احساس ہے ۔ سرینا نے کہا کہ ومبلڈن تک وہ اس بارے میں کچھ بھی نہیں جانتی تھیں مگر اب وہ یقیناً یہی چاہتی ہوں کہ یہ نمبر اوپر بڑھتا رہے اور برقرار رہے۔ دریں اثناء مرد زمرہ کے مقابلوں میں دو مرتبہ کے گرانڈ سلام چمپین نیویارک میں دو مرتبہ سیمی فائنلس کھیل چکے سوئٹزرلینڈ کے اسٹانسلس واؤرنکا نے خود کو ایک حیران کن شکست سے محفوظ رکھتے ہوئے برطانوی کھلاڑی ڈان ایونٹس کو 4-6 ، 6-3، 6-7،7-6 ، 6-2 سے شکست دی۔ علاوہ ازیں برطانوی نمبر ایک کھلاڑی اینڈے مرے نے ابتداء میں جدوجہد کرنے کے باوجود پاؤلو لورنزی کو چار سیٹوں پر مشتمل مقابلے میں 7-6، 5-7، 6-2، 6-3 سے شکست دی ہے۔