ملبورن 17 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) عالمی نمبر ایک ٹینس اسٹار سرینا ویلیمس نے آسٹریلین اوپن میں اپنی عالمی ریکارڈ 61 ویں کامیابی حاصل کرتے ہوئے رواں ٹورنمنٹ کے چوتھے راونڈ میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ آج کھیلے گئے مقابلے میں سرینا نے سولاکیہ کی تجربے کار ٹینس اسٹار ڈینیلا ہنٹکوا کو راست سٹوں میں 6-3, 6-3 سے شکست دیتے ہوئے صرف 80 منٹوں میں یہ کامیابی حاصل کرلی۔ کامیابی کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے سرینا نے کہا کہ ہنٹکوا ۔۔۔۔ ایک سخت حریف ہیں لہذا ان کے خلاف راست سٹوں کی کامیابی پر وہ خوش ہیں۔ سرینا کا چوتھے راؤنڈ میں مقابلہ سابق عالمی نمبر ایک سربیائی کھلاڑی اینا ایوانو وچ سے ہوگا جنہوں نے تیسرے راؤنڈ کے ایک سخت مقابلے میں مقامی امیدوں کی محور اور سابق یو ایس اوپن چمپئن آسٹریلیائی کھلاڑی سمنتھا اسٹویر کو 6-7(8-10)،6-2, 6-4سے شکست دی ۔ عالمی درجہ بندی میں چوتھے مقام پر فائز لی تا نے خود کو ایک امکانی شکست سے محفوظ رکھا جیسا کہ ایشیاء کی نمبر ایک ٹینس اسٹار لی نے چیک جمہوریا ٹی کھلاڑی لوسی سفاروا کو 7-6(7-2), 1-6)،6-3سے شکست دی۔ دوسرے سٹ میں سخت جدوجہد کے بعد لی نے نہ صرف اسے اپنے نام کیا بلکہ مقابلے میں خود کو باقی رکھتے ہوئے فیصلہ کن سٹ میں کامیابی حاصل کی اور ٹورنمنٹ کے چوتھے راؤنڈ میں رسائی حاصل کرلی ہے۔
عالمی درجہ بندی میں 9 ویں مقام پر فائز انجلیک کربر نے امریکی کھلاڑی اسکر کو بہ آسانی 6-4, 6-3سے شکست دی۔ مرد زمرے کے مقابلوں میں گذشتہ روز کے برعکس آج کسی بھی سیڈیڈ کھلاڑی کو حیران کن شکست برداشت کرنی نہیں پڑی جیسا کہ دنیا کے تیسرے بہترین کھلاڑی ڈیوڈ فیرر نے امریکی اسٹار جری چارڈی کو بہ آسانی 7-6(7-5) 6-2 6-2سے شکست دیکر چوتھے راؤنڈ میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ دریں اثناء ٹامس برڈک نے زمہر کو 6-4،6-2, 6-2 سے شکست دی۔ گذشتہ رات کھیلے گئے ایک مقابلے میں خطاب کے مضبوط دعویدار تصور کئے جانے والے ارجنٹینا کے اسٹار کھلاڑی یان مارٹن ڈیل پوٹرو کو اسپین کے بوٹیسٹا اگوٹ کے خلاف 5 سٹوں پر مشتمل ایک مقابلے میں 6-4،3-6،7-5،4-6،5-7 کی شکست برداشت کرنی پڑی۔