سرینا کا یو ایس اوپن فائنل میں ووزنیاکی سے مقابلہ

نیویارک ۔ 6 ستمبر ۔ (سیاست ڈاٹ کام ) سرینا ولیمس اپنے 18 ویں گرانڈ سلام خطاب کے لئے فائنل میں سابقہ عالمی نمبر 1 کیرولین ووزنیاکی سے مقابلہ کریں گی ۔ جیسا کہ سیمی فائنل مقابلے میں انھوں نے روسی ٹینس اسٹار ایکترینا ماکارواکو راست سیٹوں میں 6-1، 6-3 سے شکست دی ہے ۔ سرینا ولیمس نے یہاں مجموعی طورپر 5یو ایس اوپن خطابات حاصل کئے ہیں اور اب وہ اپنے کیرئیر کا 18 واں گرانڈ سلام خطاب حاصل کرتے ہوئے سابق ٹینس اسٹارس کرس ایورٹ اور مارٹینانوراتلوا کی برابری کرنے کیلئے کوشاں ہوں گی ۔ خطابی مقابلہ میں سرینا کا سامنا ایک اچھی دوست ووزنیاکی سے ہوگا ۔ ٹورنمنٹ میں دسویں درجہ کی کھلاڑی کیرولین نے سیمی فائنل میں اُس وقت کامیابی حاصل کی جب ان کی حریف چینی کھلاڑی پنگ شوئی ڈرامائی طورپر 7-6(7-1)، 4-3 سے پیچھے رہنے کے بعد سخت گرمی میں بیمار ہوجانے کے بعد مقابلے سے دستبرداری اختیار کی ۔ مقابلے کے دوران جس وقت ووزنیاکی کو فاتح قرار دیا گیا اُس وقت پنگ وئیل چیر پر موجود تھیں۔ مقابلے کے دوسرے سیٹ میں جس وقت سورج اپنی پوری تپش پر موجود تھا ، اُس وقت چینی کھلاڑی گرمی کی تاب نہ لاکر بیچین تھی ۔ بعد ازاں انھوں نے اپنے کوچ سے تبادلۂ خیال کرنے کے بعد مقابلے سے دستبرداری اختیار کی۔

دوسرے سیٹ میں پنگ مسلسل پریشان رہی ، حالانکہ دستبرداری سے قبل ایک موقع پر انھوں نے 10 منٹ کا میڈیکل وقفہ بھی لیا لیکن انھیں گرانڈ سلام میں کامیابی کے خوابوں کو خواب رکھتے ہوئے ہی میدان سے باہر ہونا پڑا ۔ ٹورنمنٹ کے ڈائرکٹر ڈیوڈ بریور نے کہا کہ چینی کھلاڑی کو سخت اور گرم موسم کی وجہ سے صحت کے مسائل درپیش رہے اور انھوں نے مقابلے سے دستبرداری اختیار کرنے کا فیصلہ کیا۔ دوسری جانب سیمی فائنل میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد اظہارخیال کرتے ہوئے ووزنیاکی نے کہاکہ حریف کھلاڑی کو اس طرح میدان سے باہر جاتا دیکھنا ایک مشکل منظر تھا کیونکہ وہ کھیل کے دوران میدان پر گر پڑی تھیں ۔ انھوں نے مزید کہاکہ ٹینس اہمیت کی حامل ہے لیکن اس سے کہیں زیادہ اہمیت صحت کی ہے ۔ اور مجھے امید ہے کہ پنگ بہت جلد صحتیاب ہوجائیں گی ۔ مقابلے کے دوران ووزنیاکی بھی صد فیصد فٹ دکھائی نہیں دی کیونکہ گرم موسم کی وجہ سے وہ متاثر ہونے کے علاوہ مقابلے کے دوران اپنا ٹخنہ بھی زخمی کربیٹھی تھیں تاہم ان کا زخم پیچیدہ نوعیت کا نہیں رہا ۔ ووزنیاکی کا رواں ٹورنمنٹ میں مظاہرہ کافی متاثر کن ہے ۔

جیسا کہ چوتھے راؤنڈ کے مقابلے میں انھوں نے پانچ مرتبہ کی گرانڈ سلام چمپیئن ماریہ شاراپوا کو شکست دینے کے علاوہ 2009 ء یو ایس اوپن کے بعد پہلی مرتبہ گرانڈ سلام کے خطابی مقابلے میں رسائی حاصل کی ہے ۔ 2009 ء میں کیرولین کو کم کلسٹرس کے خلاف شکست برداشت کرنی پڑی تھی ۔ دوسری جانب 17 گرانڈ سلام خطابات حاصل کرنے کے باوجود سرینا ولیمس بھی فائنل میں رسائی پر کافی مسرور ہیں کیونکہ رواں سیزن منعقدہ دیگر تین گرانڈ سلام کے چوتھے راؤنڈ تک بھی وہ رسائی حاصل نہیں کرپائی تھیں۔ اس موقع پر سرینا ولیمس نے کہا کہ اوپر والے کا شکر ہے کہ فائنل میں رسائی حاصل ہونے پر اطمینان محسوس کررہی ہوں۔ سرینا ولیمس جہاں ریکارڈ 18 ویں خطاب کا تعاقب کررہی ہیں وہیں متعدد مرتبہ فائنل کھیل چکی کیرولین پہلے خطاب کیلئے کوشاں ہوں گی ۔