مونٹریال۔9اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) عالمی نمبر ایک سرینا ولیمس اور وینس ولیمس کا مونٹریال ٹینس ٹورنمنٹ کے سیمی فائنل میں مقابلہ ہوگا ۔ جیسا کہ دونوں ہی بہنوں نے کوارٹر فائنل میں سخت جدوجہد کے بعد تین سیٹوں پر مشتمل مقابلے میں کامیابی حاصل کی ہے ۔ عالمی نمبر ایک سرینا ولیمس نے سابق عالمی نمبر ایک ڈنمارک کی کرولین ووزنیاکی کو پہلے سیٹ میںشکست کے باوجود 4-6‘ 7-5 ‘ 7-5سے شکست دی ۔ جب کہ وینس نے بھی پہلے سیٹ میں شکست کے باوجود اسپین کی 14ویں درجہ کی کھلاڑی کارلا سوریز نورو کو 4-6 ‘ 6-2 ‘ 6-3سے شکست دی ہے ۔ سیمی فائنل میں شرکت سے قبل سرینا ولیمس کا اپنی بڑی بہن کے خلاف فتوحات کا ریکارڈ 14-10 کے ذریعہ بہتر ہے ۔ 32سالہ سرینا نے اپنی بڑی بہن وینس کے خلاف گذشتہ پانچ مقابلوں میں فتوحات حاصل کی ہے جب کہ وینس کو 2009ء میں دبئی میں سرینا کے خلاف آخری مرتبہ کامیابی حاصل ہوئی تھی ۔ گذشتہ مرتبہ جب یہ ٹورنمنٹ ٹورنٹو میں منعقد ہوا تھا اُس وقت سرینا نے یہاں تیسرا خطاب حاصل کیا تھا‘
تاہم کوارٹر فائنل میں انہیں کامیابی کیلئے دو گھنٹے 41منٹ طویل مقابلہ کھیلنا پڑا ۔ کامیابی کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے سرینا نے کہا کہ جب آپ کی حریف کھلاڑی کیرولین جیسی ہو تو عام مقابلے کی بہ نسبت میچ کسی قدر طویل ہوگا ۔ عالمی درجہ بندی میں 13ویں مقام پر فائز کیرولین کے خلاف اس کامیابی کے ذریعہ سرینا نے 7-1 کی فتوحات کا ریکارڈ درج کرلیا ہے ۔ سرینا کے خلاف کیرولین کو واحد کامیابی 2012ء میں میامی کے کوارٹر فائنل میں حاصل ہوئی تھی۔کیرولین ان دنوں بہتر فام میں ہیں جیسا کہ اس مقابلے سے قبل انہوں نے متواتر 8مقابلوں میں ناقابل تسخیر رہنے کے علاوہ جولائی میں منعقدہ اسنتبول ایونٹ میں خطاب بھی حاصل کیا ہے ۔ سرینا کے خلاف شکست کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے کیرولین نے کہا کہ اہم موقع پر سرینا نے چند تیز رفتار سرویس کے ذریعہ مقابلے پر گرفت مضبوط کرلی ۔ بظاہر یہ چھوٹی چیز ہے لیکن یہ مقابلہ میں واضح فرق پیدا کرتی ہے کیونکہ اہم موقع پر ایک بھی نشان کافی اہمیت کا حامل ہوتا ہے ۔