واشنگٹن۔27 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) امریکی ٹینس اسٹار سرینا ولیمز اینٹی ڈوپنگ حکام سے ناراض ہیں اور ان کا دعویٰ ہے کہ وہ ان سے امتیاز برت رہے ہیںکیونکہ تمام ٹینس اسٹار سے زیادہ ان کے ڈوپ ٹسٹ لئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھ سے غیر منصفانہ سلوک رکھا جارہا ہے تاہم میں اسپورٹس کو ہر قسم کی برائیوں سے بچانے کیلئے اپنا کردار ادا کرتی رہونگی۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ صرف جون کے مہینے میں میرا 5 مرتبہ ڈوپ ٹسٹ لیا گیا۔ مجھے تو کوئی فرق نہیں پڑے گا لیکن سب کے ساتھ یکساں سلوک کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ میں یہ بات تسلیم کرتی ہوں کہ اسپورٹس میں ایسے بھی لوگ ہیں جو ایماندار نہیں۔ میں تو خود ڈوپنگ ٹسٹ کی حوصلہ افزائی کرتی ہوں۔ جب سب کے برابری سے ٹسٹ ہونگے تو کھیل اس مسئلے سے پاک صاف ہوجائے گا۔ اگر سب کے5 مرتبہ ٹسٹ ہوتے ہیں تو میرا بھی ہو تو کوئی فرق نہیں پڑتا۔ واضح رہے کہ امریکی کھلاڑی نے ومبلڈن کے دوران اعلان کیا تھا کہ اگر دوسرے کھلاڑیوں کے ٹسٹ بھی لئے جاتے تو مجھے اعتراض نہیں ہوتا۔ سرینا ولیمس نے بیٹی کی پیدائش کے بعد رواں سیزن کے تیسرے گرانڈسلام ومبلڈن میں شرکت کے علاوہ شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے فائنل میں رسائی حاصل کی تھی لیکن انہیں خطابی مقابلے میں انجیلک کربر کے خلاف شکست برداشت کرنی پڑی تھی۔