باضابطہ اعلان سے گریز ، ٹوئیٹر پر کوچ کی مبارکباد ، کھیل میں جلد واپسی کاعزم
فلوریڈا ۔ /3 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) سابق عالمی نمبر 1 ٹینس اسٹار سرینا ولیمس جمعہ کو ماں بن گیئں جب انہوں نے ایک بیٹی کو جنم دیا ۔ سرینا کے کوچ پیٹر موراٹوگلو نے ٹوئیٹر پر یہ اطلاع دی ۔ 35 سالہ امریکی اسٹار جن کی ایڈٹ کے معاون بانی الیکس اوہانیان سے رسم منگنی ہوئی ہے جنوری میں آسٹریلین اوپن میں فتح کے بعد سے مقابلوں میں حصہ نہیں لے رہی ہیں ۔ لیکن دوران حمل سوشیل میڈیا پر پوسٹ کردہ اکثر ویڈیوز میں طاقتور شاٹس لگاتی ہوئی تصاویر جاری کی تھیں ۔ مورا ٹوگلو نے اپنے ٹوئیٹر پوسٹ پر لکھا کہ ’’بیٹی کی پیدائش پر آپ کو مبارکباد سرینا ولیمس ۔ مجھے آپ سے بہت خوشی ہوئی ہے ۔ میں آپ کے جذبات کو محسوس کرسکتا ہوں ‘‘ ۔ انہوں نے مزید لکھا کہ ’’میں آپ کی تیز رفتار صحتیابی کیلئے اپنی نیک تمنائیں پیش کرتا ہوں ۔ آگے بہت کھیل باقی ہے ‘‘ ۔ دنیا کی سب سے زیادہ فیس حاصل کرنے والی اتھلیٹ سرینا اس وقت دو ماہ کی حاملہ تھیں جب وہ آسٹریلین اوپن کا سنگلز گرینڈ سلام خطاب حاصل کی تھیں ۔ انہوں نے گزشتہ ماہ ووگ میگزین سے بات چیت کے دوران آسٹریلیائی خطاب کی دفاع کے لئے اپنے خطرناک منصوبہ کا اعلان کیا تھا ۔ آسٹریلیا میں آئندہ سال /15 اور /28 جنوری کے دوران گرینڈ سلام مقابلہ ہوگا ۔ سرینا وہ دوسری خاتون ٹینس اسٹار ہیں جو بچہ کو جنم دینے کے لئے کھیل سے دور ہوگئی تھیں اور ماں بننے کے بعد شاندار واپسی بھی کی تھی ۔ ان سے قبل بلجیم کی کم کلائسٹر بھی حاملہ ہونے کے بعد کھیل سے سبکدوش ہوگئی تھی اور 26 سال کی عمر میں دوبارہ واپسی کے بعد انہوں نے تین گرینڈ سلام فتح حاصل کی تھیں ۔ لیکن سرینا کی عمر میں تاحال کسی نے بھی ایسا نہیں کیا ہے ۔ آسٹریلیا کی ایوون گولاگونگ اور مارگریٹ کورٹ بھی اپنے بچوں کی پیدائش کے بعد دوبارہ کھیل میں واپس ہوتے ہوئے گرینڈ سلام کامیابیاں بھی کی تھیں ۔ سرینا ولیمس کے حاملہ ہونے کا پتہ اس وقت چلا تھا جب انہوں نے اتفاقی طور پر اپریل کے دوران سوشیل میڈیا پر ’’20 ہفتے‘‘ کے کیپٹن کے ساتھ اپنی ایک سیلفی پوسٹ کی تھی ۔ جس کے ساتھ ہی ان کے حاملہ ہونے کی قیاس آرائیاں شروع ہوگئی تھیں ۔