سرینا فائنل میں بہتر مظاہرے پر مسرور

پیرس ۔ 7جون (سیاست ڈاٹ کام )عالمی نمبر ایک امریکی ٹینس اسٹار سرینا ولیمس بیمار رہنے کے باوجود فرنچ اوپن کی شکل میں اپنے کیریر کا 20 واں گرانڈ سلام حاصل کرنے میں کامیاب ہوئیں ہیں اور وہ اس کامیابی پر کافی خوش ہیں۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز انہوں نے فرنچ اوپن کے فائنل میں چیک جمہوریائی کھلاڑی لوسی سافاروا کو شکست دے کر 20 ویں مرتبہ گرانڈ سلام حاصل کیا ہے۔عالمی نمبر ایک سیرینا ولیمس نے ہفتے کے دن ایک ڈرامائی فائنل کے بعد عالمی نمبر تیرہ سافارووا کو 6-3، 6-7 ‘ 6-2 سے شکست دی۔ فرنچ اوپن کا یہ فائنل دو گھنٹے اور ایک منٹ تک جاری رہا۔ یہ امر اہم ہے کہ ولیمس نزلے کا شکار تھیں اور انہوں نے جمعہ کے دن معمول کی پریکٹس بھی نہیں کی تھی۔ تاہم ہفتے کے دن جب وہ میدان میں اتریں تو ناساز طبعیت کے باوجود اپنی تمام تر توانائی کو بروئے کار لاتے ہوئے سافارووا کو شکست دی۔میچ کے بعد سیرینا نے فرنچ زبان میں اپنی حریف کھلاڑی کو خراج تحیسن پیش کرتے ہوئے کہا، ’’سافاروا نے انتہائی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ وہ ایک بہترین حریف ثابت ہوئی۔‘‘ اپنی کامیابی پر خوشی کے اظہار میں انہوں نے کہا یہ ٹورنمنٹ جیتنا میرا خواب تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ بہت خوش ہیں کہ انہوں نے ایک اور خطاب اپنے نام کر لیا ہے۔اس موقع پر 28 سالہ سافاروا نے سرینا سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا سیرینا تم نے آج حیرت انگیز کھیل کا مظاہرہ کیا۔ تم ایک شاندار فائٹر ہو۔ تمیں یہ جیت مبارک ہو۔ یہ امر اہم ہے کہ سافاروا کا کسی گرانڈ سلا م کا یہ پہلا فائنل تھا جس میں انہوں نے دوسرا سٹ اپنے نام کرنے کے علاوہ تیسرے اور فیصلہ کن سٹ میں سبقت حاصل کرتے ہوئے سرینا کو پریشان کردیا تھا لیکن وہ تجربہ کار کھلاڑی کو فرنچ اوپن خطاب سے دورنہ رکھ سکیں۔