سرینا جدوجہد کے بعد پہلے راؤنڈ میں کامیاب

برسبین ۔ 31 ڈسمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) عالمی نمبر ایک امریکی ٹینس اسٹار سرینا ولیمس کو 2014 سیزن کے پہلے گرانڈ سلام آسٹریلین اوپن سے قبل یہاں کھیلے جانے والے ٹورنمنٹ برسبین انٹرنیشنل کے پہلے مقابلے میں کامیابی کیلئے 98 منٹ تک سخت جدوجہد کرنی پڑی ۔ تاہم انھوں نے پہلے مرحلے کے مقابلے میں اپنی حریف اینڈریا پیٹکو وچ کو راست سیٹوں میں 6-4 ، 6-4 سے شکست دی ۔ سرینا کو پہلے مقابلے میں کامیابی کیلئے اس لئے بھی جدوجہد کرنی پڑی کیونکہ انھوں نے 36 از خود غلطیوں سے مقابلے پر اپنی گرفت کمزور کرلی جبکہ ان کی سرویس میں بھی استقلال نہیں تھا۔ جرمنی سے تعلق رکھنے والی اینڈریا کا عالمی درجہ بندی میں 43 واں مقام ہے لیکن انھوں نے سرینا کو کامیابی کے لئے جدوجہد کرنے پر مجبور کردیا ۔

دونوں کھلاڑیوں کے درمیان آخری مرتبہ مقابلہ 2010 میں روم میں کلے کورٹ پر منعقد ہوا تھا جہاں اینڈریا نے سرینا کو کامیابی کے لئے تین سیٹوں پر مشتمل مقابلہ کھیلنے پر مجبور کردیا تھا۔ اکٹوبر 2013 ء میں ڈبلیو ٹی اے چمپین شپ میں اپنا آخری مقابلہ کھیلنے والی سرینا کو آج اس مقابلے میں کافی جھنجھلاہٹ کا سامنا کرتے ہوئے بھی دیکھا گیا ۔

190 کیلومیٹر کی رفتار سے سرویس کرنے والی سرینا کو بہتر سرویس کیلئے جدوجہد کرنی پڑی ۔ کامیابی کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے سرینا نے کہا کہ یہ مقابلے کا بہتر آغاز نہیں تھا لیکن حریف کھلاڑی بھی ایک باصلاحیت کھلاڑی ہے ۔ اینڈریا نے اپنے پہلے مقابلے میں سرینا کی ہم وطن بیتھین ماٹک سینڈس کو شکست دی تھی ۔ سرینا ولیمس کا اگلے مرحلے میں مقابلہ سلواکیہ کی ڈینیلا سیبولکووا سے ہوگا جنھوں نے جاپان کی معمر کھلاڑی کیمیکو ڈیٹ کروم کو سخت مقابلے کے بعد 6-3، 1-6، 6-3 سے شکست دی ۔ دوسرے گروپ میں سابق عالمی نمبر ایک یلینا یانکووچ نے یوکرین کی ایلینا سویٹو لینا کو راست سیٹوں میں 6-1 ، 6-3 سے شکست دیتے ہوئے آسٹریلین اوپن چمپین وکٹوریا آزرینکا سے اپنے سیمی فائنل مقابلے کی امید کو مزید مستحکم کرلیا ہے ۔