میامی ۔26 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ماریا شارا پوا اور سرینا ولیمس 2013ء سونی اوپن کے فائنل کے اعادہ کیلئے تیار ہیں جیسا کہ دونوں ہی کھلاڑیوں نے سیمی فائنلس میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ شارا پوا جنہوں نے 2004ء سے امریکی ٹینس اسٹار اور موجودہ عالمی نمبر ایک سرینا ولیمس کو شکست نہیں دی ہے، اور انہیں متواتر 14 مقابلوں میں سرینا کے خلاف شکست کا سلسلہ برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔
کوارٹر فائنل میں سخت حریف پیٹرا کیویٹوا کو 7-5 ، 6-1 سے شکست دینے کے بعد شارا پوا کے حوصلہ کافی بلند ہوئے ہیں۔ دوسری جانب سرفہرست کھلاڑی سرینا ولیمس نے بھی جرمنی کی اینجیلک کربر کو 6-2 ، 6-2 سے شکست دی۔ 62 منٹوں طویل اس مقابلے میں سرینا ولیمس نے 7 ایسیس ایسے وقت مارے جب تیز ہواؤں کی وجہ سے کھلاڑیوں کو اپنی سرویس برقرار رکھنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔ چوتھے درجہ کی ٹینس اسٹار شارا پوا نے 90 منٹ طویل مقابلے میں سابق ومبلڈن چمپین شارا پوا کو شکست دینے کے بعد کسی قدر راحت محسوس کی کیونکہ گزشتہ دو مقابلوں میں انہیں کیویٹووا کے خلاف سخت جدوجہد کرنی پڑی تھی۔