سرینا اور شاراپوا امکانی شکست سے محفوظ

میامی ۔ 21 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) 6 مرتبہ کی چمپیئن اور عالمی نمبر ایک سرینا ولیم نے میامی ماسٹرس کے پہلے راونڈ میں ہی امکانی شکست سے خود کو محفوظ رکھتے ہوئے نوجوان کھلاڑی یاروی سلاوا شیڈووا کے خلاف 7-6(9-7) ، 6-2 کی کامیابی حاصل کرتے ہوئے اپنی پیشقدمی جاری رکھی ہے۔ اگلے مرحلہ میں ان کا مقابلہ فرانس کی کرولی گارشیا کے خلاف ہوگا جنہوں نے اپنے دوسرے راونڈ کے مقابلہ میں ایک گھنٹہ 45 منٹ طویل مقابلہ میں کامیابی حاصل کی۔ سخت مقابلہ کے بعد اظہارخیال کرتے ہوئے سرینا ولیمس نے کہا کہ پہلا سیٹ انتہائی مشکل ترین تھا کیونکہ ایک موقع پر میں 3-1 کی سبقت گنواتے ہوئے 3-5 سے پیچھے ہوچکی تھی لیکن مجموعی طور پر مقابلہ کے نتیجہ پر مسرور ہوں۔

ایک اور مقابلہ میں چوتھے درجہ کی خصوصی ٹینس اسٹار اور گذشتہ برس خطابی مقابلہ میں سرینا کے خلاف شکست برداشت کرنے والی ماریا شاراپوا نے بھی سخت مقابلہ کے بعد جاپان کی کرومی نارا کو 6-3 ، 6-4 سے شکست دی۔ پہلے سیٹ میں شاراپوا کو 1-3 کا نقصان برداشت کرنا پڑا تھا۔ تاہم دوسرے سیٹ میں بھی کامیابی کیلئے انہیں 64 منٹوں کی طویل جدوجہد کرنی پڑی۔ مرد زمرہ کے مقابلہ میں جہاں آسٹریلیا کے سینئر کھلاڑی للیٹن ہیویٹ نے اپنے کیریئر کی 600 ویں کامیابی درج کی۔ وہیں ان کے ہم وطن نوجوان کھلاڑی برنارڈ ٹامک کو اے ٹی پی کی تاریخ میں سب سے جلد ختم ہونے والے مقابلہ میں شکست برداشت کرنی پڑی۔ سابق عالمی نمبر ایک ہیویٹ نے ڈنمارک کے رابن ہاسی کو 2-6 ، 6-3 سے شکست ہوئی جبکہ ٹامک کو فن لینڈ کے جارکونیمینن 6-0 ، 6-1 سے شکست دی اور یہ مقابلہ صرف 28 منٹ 20 سیکنڈ طویل رہا اور یہ اے ٹی پی کی تاریخ کا سب سے کم وقت میں ختم ہونے والا مقابلہ ثابت ہوا۔