سرینا ، نڈال، کونتا ، ایستومین کی پیشرفت

ملبورن ، 21 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سرینا ولیمز ریکارڈ 23 ویں گرانڈ سلام ٹائٹل جیتنے کی اپنی سعی میں درست راہ پر برقرار ہیں۔ چھ مرتبہ کی آسٹریلین اوپن ونر نے ہم وطن امریکی نیکول گبس کو آج یہاں تھرڈ راؤنڈ میں 6-1، 6-3 سے شکست دے دی، جہاں انھیں میچ کیلئے سرویس تک کوئی بریک پوائنٹ کا سامنا نہیں ہوا۔ اُس گیم میں سرویس ڈراپ کرنا پورے میچ میں اُن کی واحد غلطی ہوئی، اور یہ مقابلہ 63 منٹ میں اختتام پذیر ہوگیا۔ سرینا اگلے میچ میں نمبر 16 باربورا اِستریکوا سے کھیلیں گی، جس نے نمبر 21 کیرولین گارشیا کو 6-2، 7-5 سے ہرایا۔ سیزن کے افتتاحی گرانڈ سلام میں آج پیش رفت کرنے والے دیگر اسٹار کھلاڑیوں میں رفائل نڈال، یوہانا کونتا ، نواک جوکویچ کو ناک آؤٹ کرنے والے ڈینس ایستومین شامل ہیں۔ اسپینی لجنڈ نڈال نے شاندار ’فائٹ بیک‘ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اُبھرتے جرمن اسٹار الیگزینڈر زویریف کو پانچ سٹ کے سنسنی خیز مقابلے میں شکست دے کر چوتھے راؤنڈ میں رسائی حاصل کرلی۔ 14 مرتبہ کے گرانڈ سلام چمپئن اور زویریف سے 11 سال بڑے نڈال نے اپنی بھرپور توانائی بروئے کار لاتے ہوئے راڈ لیور اَرینا میں چار گھنٹے اور چھ منٹ میں 4-6، 6-3، 6-7(5/7)، 6-3، 6-2 سے کامیابی حاصل کی۔ جوکویچ کو خارج کرنے والے عالمی نمبر 117 ازبیک کھلاڑی ایستومین نے ایک اور پانچ سٹ کی جیت میں 30 ویں سیڈ پابلو کارینو بوستا کو 6-4، 4-6، 6-4، 4-6، 6-2 سے ہرایا۔ ویمنس سیکشن میں ایکٹرینا ماکاروا نے ڈبلیو ٹی اے فائنلز چمپئن ڈومنیکا سیبولکوا کو 6-2، 6-7(3)، 6-3 سے شکست دی۔ برطانوی نویں سیڈ کونتا نے آج بے جگری سے کھیلتے ہوئے کیرولین ووزنیاکی کو 6-3، 6-1 سے واضح شکست دی اور خود کو سنگلز ٹائٹل کی دعوے دار کے طور پر پیش کیا ہے۔