سرینا ، ایوانووچ اور جوکووچ کی پیشقدمی

لندن ۔26 جون (سیاست ڈاٹ کام) عالمی نمبر ایک ٹینس اسٹار سرینا ولیمس نے ومبلڈن میں شاندار مظاہرہ کے سلسلہ کو برقرار رکھتے ہوئے دوسرے راونڈ کے مقابلہ میں اپنی حریف روسی کھلاڑی ایسکریپرس کو راست سیٹوں میں 6-1,6-1 سے شکست دی ہے جبکہ ایک اور سابق عالمی نمبر ایک سربیائی ٹینس اسٹار اینا ایوانووچ نے چینی کھلاڑی جی ژونگ کو راست سیٹوںمیں 6-4,6-0 کی شکست دیتے ہوئے تیسرا گرانڈ سلام کے تیسرے راونڈ میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ مرد زمرہ کے مقابلہ میں عالمی نمبر ایک نواک جوکووچ نے سینئر کھلاڑی راڈک اسٹپنک کو ایک سخت مقابلہ کے بعد 6-4,6-3,6-7(5-7),7-6(7-5) سے شکست دیتے ہوئے تیسرے راونڈ میں رسائی حاصل کرلی ہے۔

پرویز کو دورہ آسٹریلیا سے امیدیں
سرینگر ۔26 جون (سیاست ڈاٹ کام) جموں کشمیر سے ہندوستان کی نمائندگی کرنے والے پہلے کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل کرنے والے پرویز رسول نے امیدوں کا اظہار کیا ہیکہ ہندوستانی اے ٹیم کے دورہ آسٹریلیا سے ان کے کیریئر کو ایک نیا موڑ ملے گا۔ یہاں ایڈیڈاس کے شوروم کا یہاں افتتاح کرنے کے بعد میڈیا نمائندوں سے اظہارخیال کرتے ہوئے پرویز رسول نے کہا کہ دورہ آسٹریلیا میرے لئے اہمیت کا حامل ہے اور میں انڈیا اے ٹیم کے ساتھ آسٹریلیا کا دورہ کررہا ہوں اور مجھے امید ہیکہ وہاں بہتر مظاہرہ کرتے ہوئے میں عنقریب ہندوستانی ٹیم میں اپنا مقام بنا لوں گا۔