سریش پربھو اے پی سے تلگودیشم ۔بی جے پی کے مشترکہ امیدوار

سوجنا چودھری اور وینکٹیش بھی نامزد‘ وجئے سائی ریڈی وائی ایس آر کانگریس کے امیدوار
حیدرآباد ۔ 30مئی ( سیاست نیوز) مرکزی  وزیر ریلوے سریش پربھو توقع ہیکہ کل 31مئی کو آندھراپردیش سے راجیہ سبھا رکنیت کیلئے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کریں گے ۔ باوثوق ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ بی جے پی نے ریاست آندھراپردیش سے مخلوعہ ہونے والی چار راجیہ نشستوں کے منجملہ ایک نشست انہیں ( بی جے پی کو ) دینے کی تلگودیشم پارٹی سے خواہش کی تھی او راس خواہش کے مطابق ہی بی جے پی نے تلگودیشم پارٹی کی مدد سے ایک راجیہ سبھا نشست کیلئے اپنے امیدوار کو انتخابات میں کھڑا کررہی ہے جبکہ دیگر ریاستوں میں راجیہ سبھا نشستوں کیلئے منعقد ہونے والے انتخابات کیلئے بی جے پی نے اپنے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کرچکی ہے لیکن آندھراپردیش سے امیدوار کے نام کا باقاعدہ ابھی کوئی اعلان نہیں کیا گیا ہے ۔ تاہم تلگودیشم پارٹی اور بی جے پی کے باوثوق ذرائع کے مطابق ریاست آندھراپردیش سے تلگودیشم پارٹی کے تائیدی بی جے پی امیدوار راجیہ سبھا سریش پربھو ہوں گے ۔ بتایا جاتا ہے کہ دو سال قبل منعقدہ راجیہ سبھا انتخابات کے موقع پر مرکزی وزیر نرملا سیتارامن تلگودیشم پارٹی کی تائید کے ذریعہ آندھراپردیش سے راجیہ سبھا کیلئے روانہ ہوئی تھیں اور ان کی دو سالہ میعاد آئندہ ماہ ختم ہورہی ہے ۔  لہذا اس مرتبہ انہیں دیگر ریاست سے راجیہ سبھا کیلئے امیدوار نامزد کیا گیا ۔  بتایا جاتا ہیکہ بی جے پی قیادت نے گذشتہ دن اپنی حلیف تلگودیشم پارٹی کے قائد چندرا بابو سے اس مسئلہ پر تفصیلی بات چیت کرکے بالآخر ایک نشست بی جے پی کو دینے سے تلگودیشم پارٹی  کو منالیا۔ بتایا جاتا ہیکہ آندھراپردیش کو خصوصی ریلوے زون قرار دینے کا مسئلہ زیرالتواء ہے ۔ لہذا تلگودیشم پارٹی نے ایک منصوبہ بند انداز میں اس مسئلہ کی یکسوئی کیلئے شاید مرکزی وزیر ریلوے سریش پربھو کو آندھراپردیش سے راجیہ سبھا کیلئے مدد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ چندرا بابو نائیڈو نے مرکزی مملکتی وزیر سائنس و ٹکنالوجی سوجنا چودھری اور کانگریس سے تلگودیشم میں شامل شدہ سابق وزیر جی وینکٹیش کو بھی راجیہ سبھا امیدوار مقرر کیا ہے ۔ وائی ایس آر کانگریس کے صدر جگن موہن ریڈی نے ایک نشست کیلئے اپنے خاندانی آڈیٹر وجئے سائی ریڈی کو امیدوار نامزد کیا ہے ۔