سریدھر بابو سے قلمدان چھین لینے کے واقعہ کی مذمت

گمبھی راؤ پیٹ /2 جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) آل انڈیا یوتھ کانگریس جنرل سکریٹری جناب سید عظمت اللہ حسینی نے چیف منسٹر کرن کمار ریڈی کی جانب سے اسمبلی اجلاس سے عین قبل تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے حرکیاتی شفاف وزیر ڈی سریدھر بابو کو امور مقننہ کے قلمدان سے محروم کئے جانے پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ۔ جناب عظمت اللہ حسینی نے کرن کمار ریڈی کے اچانک لئے جانے والے اس فیصلہ کو بے احمقانہ حرکت قرار دیا اور کہا کہ علحدہ ریاست تلنگانہ تشکیل کا عمل اب آخری مرحلے میں ہے ۔ ایسی صورت میں کرن کمار ریڈی کا ذہنی توازن بگڑ گیا ہے ۔ وہ ریاست کو متحد رکھنے کیلئے ایڑی چوڑی کا زور لگاچکے ہیں ۔

ناکامی پر اب وہ بچکانہ حرکت کا واضح ثبوت دیتے ہوئے علحدہ ریاست کی تشکیل کے معاملے میں سرگرم رول ادا کرنے والے ضلع کریم نگر کے شفاف سیاسی قائد و ریاستی وزیر ڈی سریدھر بابو کو امور مقننہ کے قلمدان سے چھین کر اسے آندھرائی قائد کے حوالے کردیا ۔ عظمت اللہ حسینی نے کہا کہ وہ عنقریب منعقد اجلاس کے دوران کرن کمار ریڈی کی اس غیر فطری حرکات کا تذکرہ نائب صدر کانگریس راہول گاندھی سے کریں گے ۔ عظمت اللہ حسینی یہاں اپنی قیام گاہ پر نمائندہ سیاست کو اپنا ایک بیان دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح سے آندھرائی قائدین کی حکمرانی کے سبب علاقے تلنگانہ کا کافی نقصان ہوچکا ہے ۔ اس کا ازالہ تو ریاست کی تشکیل کے بعد ہی ہوگا ۔ انہوں نے علاوہ ریاست کی تشکیل کی راہ ہموار کرنے اور ا س کی تقسیم کیلئے ہری جھنڈی دکھلانے پر محترمہ سونیا گاندھی سے اظہار تشکر کیا ۔

اس موقع پر ان کے ہمراہ پارٹی قائدین وینکٹ سوامی ، سید زبیر ، محمد قطب الدین ہاشمی ، لکم پلی آنند ، اے سوامی ، حمیدالدین خالد وغیرہ موجود تھے ۔