نئی دہلی۔ 7 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام ) سریدھر سوانر اور دیوبورا ہیرالڈ نے ہندستان کے سب سے بڑے سائیکلوتھن سکشم پیڈل دہلی میں اتوار کو بالترتیب مرد اور خاتون کلاس میں خطاب جیت لئے ۔سکشم پیڈل کا دہلی کے جواہر لال نہرو اسٹیڈیم سے انعقاد کیا گیا۔ ریس نہرو اسٹیڈیم سے شروع ہوکر نہرو اسٹیڈیم پر ہی ختم ہوئی۔ ریس میں چار زمروں میں تقریبا 6000 سائیکلسٹ نے حصہ لیا۔ ایلیٹ ریس میں ملک کے سرفہرست 160 سائیکلسٹ نے اپنا چیلنج رکھا۔ ریس میں کل 10 لاکھ روپے کی انعامی رقم دی گئی۔سریدھر نے مردوں کی 50 کلومیٹر ریس میں کامیابی حاصل کی۔ منجیت سنگھ کو دوسرا اور کرشنا نایکوڈي کو تیسرا مقام حاصل ہوا۔ دیوبورا نے خواتین کی 40 کلومیٹر ریس میں جیت اپنے نام کی۔ سونالی چانو کو دوسرا اور سواستی سنگھ کو تیسرا مقام ملا۔ہندستانی سائیکلنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل اونکار سنگھ نے تمام شرکاء اور تمغے جیتنے والوں کو مبارک باد دی۔ اونکار نے کہا کہ سریدھر اور دیوبورا کا مظاہرہ شاندار تھا اور وہ جیت کے مکمل طور مستحق تھے ۔