ہوچی منندمٹی(ویتنام) /5 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) سریتا دیوی (64 کیلو گرام) اور عالمی چمپئین شپس کی سلور میڈلسٹ سونیا لاٹھر (57 کیلو گرام) ایشیاء ویمنس باکسنگ چمپئین شپس کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرتے ہوئے اپنے لئے میڈلس کو یقینی بناچکی ہیں ۔ سابق عالمی چمپئین خاتون باکسر سریتا دیوی اس ایشیائی مقابلے میں اپنے لئے چھٹویں میڈل پر نظریں مرکوز کرچکی ہیں ۔ انہوں نے ازبکستان کی مائنائن ملیوا کو شکست دی ۔ سونیا نے کوارٹرز فائنل میں قازقستان کی ناظم احسانوا کو شکست دی ۔ سریتا رواں سال کے اوائیل میں پیشہ وارانہ سرکٹ میں قسمت آزمائی کے بعد شوقیہ مقابلوں سے وابستہ ہوئی ہیں ۔ انہوں نے آج کے مقابلہ میں حملوں سے اپنی حریف کے پس و پیش کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور ابتدائی مرحلہ میں سبقت لینے کیلئے چند صحیح قدم اٹھائیں ۔ دوسرے راؤنڈ کی ابتداء میں ہی ہندوستانی باکسر کے طاقتور گھونسوں کے سبب ملیوا عملاً لڑکھڑا چکی تھیں ۔ انہوں نے آخری تین منٹ میں خود کو سنبھالتے ہوئے بہتر مظاہرہ ضرور کیا لیکن سریتا جو چیلنج قبول کرچکی تھیں جارحانہ حملوں کا سلسلہ جاری رکھا ۔ دوسری طرف سونیا کو اپنی قازق حریف ناظم احسانوا سے سخت مقابلہ درپیش رہا ۔ تاہم انہوں نے کڑی محنت اور جانفشانی کے ساتھ پیشرفت کا سلسلہ جاری رکھا ۔ براعظمی مقابلہ کی وہ سابق سلور میڈلسٹ بھی ہیں ۔ سونیا نے انتہائی جارحانہ تیور اپناتے ہوئے احسانوا اپنے طاقتور گھونسوں کا کامیابی کے ساتھ نشانہ بنایا ۔ قبل ازیں ہندوستان ان مقابلوں کی اچھی شروعات نہیں کرسکا ۔ نیشن کپ گولڈ میڈلسٹ نیرج (51 کیلو گرام) کو چینی تائیپی کے چول می ہانگ نے اپنے کوارٹر فائینلس میں شکست دی ۔ گزشتہ روز اولمپک میڈل یافتہ ایم سی میری کوم ( 48 کیلو گرام) ، پرینکا چودھری (60 کیلو گرام) اور شکشا (54 کیلو گرام) سیمی فائنلس میں پیشقدمی کی ۔