چشتی چمن میں عرس کا آغاز ۔ مولانا پیر شبیر نقشبندی کی دعا
حیدرآباد ۔ 26 ۔ مئی : ( پریس نوٹ ) : حضرت سیدنا افتخار علی شاہ وطنؒ کے سہ روزہ عرس شریف اور جشن معراج النبیؐ کا کل رات مولانا پیر سید شبیر نقشبندی افتخاری کی زیر سرپرستی مراسم صندل مالی کی ادائیگی سے آغاز ہوا ۔ اس موقع پر مولانا پیر نقشبندی نے اپنے جد اعلی سرکار وطنؒ کو عشق نبویؐ سے سرشار رہتے ہوئے اپنی ہی حیات میں جشن معراج النبیؐ کے چشتی چمن میں اہتمام کے پس منظر کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ سرکار وطنؒ نے یہ وصیت فرمائی تھی کہ ہر امتی کے لیے اس جشن سے بڑھ کر اور کوئی خوشی نہیں ہوسکتی جہاں ’ محب اور حبیبؐ ‘ ایک دوسرے سے ہم کلام ہوئے اور آج ہی کی رات اللہ کے بندوں کو نماز جیسی عظیم نعمت عطا ہوئی ۔ اس لیے ہر سال جشن معراج النبیؐ میں سلسلہ عالیہ افتخاریہ کا بھی ذکر اور ان کے لیے ایصال ثواب کی مجالس منعقد کی جائیں اور یہ طریقہ آج بھی جاری ہے ۔ مولانا پیر نقشبندی نے کہا کہ سرکار وطنؒ کا کلام ’ دیوان وطن ‘ تشنگان تصوف کے لیے جہاں قرب الہی کا موجب ہے وہیں ارشادات وطن مخلوق خدا کے لیے روحانی سکون کا باعث ہے ۔ قبل ازیں جامع مسجد چشتی چمن سے بعد نماز مغرب جلوس صندل کا آغاز ہوا ۔ مزار مبارک پر مولانا پیر نقشبندی کی رہنمائی میں خانوادہ افتخاریہ کے مولانا سید ولی اللہ حسینی ثانی ( سجادہ نشین و متولی چشتی چمن ) آل سید آیت اللہ حسینی آل سید عین اللہ حسینی آل سید حجت اللہ حسینی ، مولانا کاشف اللہ حسینی ، سید مرتضی نقشبندی کے علاوہ بارگاہ شجاعیہ کے سجادہ نشین مولانا سید عبید اللہ آصف پاشاہ قادری ، مولانا افتخار پاشاہ ابوالعلائی سجادہ نشین درگاہ حضرت پیر جیؒ مولانا سید انوار اللہ حسینی افتخاری نے غلاف شریف اور پھول پیش کیے ۔ بعد ازاں محفل سماع کا انعقاد عمل میں آیا جس میں مختلف علاقوں کے سینکڑوں عقیدت مندان و مریدین سلسلہ عالیہ افتخاریہ نے شرکت کی ۔۔