سرکار مدینہ ؐکی بچوں سے محبت ، یتیموں پر شفقت امت کیلئے درس ہدایت

سلطان العلوم اسکولس میں جلسہ میلاد سے مولانا پیر شبیر نقشبندی ، مولانا آصف پاشاہ کا خطاب
حیدرآباد ۔ 8 ۔ جنوری : ( پریس نوٹ ) : سلطان العلوم ایجوکیشن سوسائٹی کے بانی رکن مولانا پیر سید شبیر نقشبندی افتخاری نے کہا حضور ﷺ سے محبت کے بغیر ایمان نامکمل ہے ۔ دور حاضر میں امت محمدی جن مشکلات میں مبتلا ہے اس کی بنیادی وجہ دامن حضور سرکار مصطفی ﷺ سے دوری کا نتیجہ ہے ۔

مولانا پیر نقشبندی نے سلطان العلوم ایجوکیشن سوسائٹی کی زیر نگرانی قدیم شہر میں چلائے جانے والے اسکولس سید علی چبوترہ اور فلک نما میں منعقدہ دو روزہ چوتھا سالانہ جلسہ میلاد النبیؐ سے صدارتی خطاب کررہے تھے ۔ مولانا پیر شبیر نقشبندی ان اسکولس کی گورننگ کونسل کے صدر نشین بھی ہیں ۔ اپنے خطاب میں مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ جب غریب بچوں کو دیکھیں تو اتباع سنت نبویﷺ پر عمل کرتے ہوئے ان بچوں سے محبت کریں ۔ انہوں نے اولاد والوں سے کہا کہ جب کبھی ان کا سامنا کسی معصوم یتیم سے ہو تو عشق حبیب رسول اللہ سے سرشار ہوتے ہوئے ان یتیموں کے ساتھ شفقت کا سلوک کریں ۔ یقینا اس وقت رحمت عالم ﷺ کی رحمتیں سایہ فگن ہوجائیں گی ۔ پیر نقشبندی نے سلطان العلوم ایجوکیشن سوسائٹی کو غلامان حضور محمد عربی ﷺ کا ادارہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب اس سوسائٹی کی بنیاد 1980 میں رکھی گئی ۔

اس موقع پر مولانا سید شاہ عبید اللہ قادری المعروف آصف پاشاہ سجادہ نشین بارگاہ شجاعیہ نے طلباء سے حضور محمد ﷺ کا برتاؤ بچوں کے ساتھ اور نونہالان امت سے سرکار مدینہ کی محبت کے زیر عنوان خطاب کرتے ہوئے بچوں کو تلقین کی کہ وہ سرکار مدینہ کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے جھوٹ غیبت اور دیگر برائیوں سے بچیں ۔ مولانا آصف پاشاہ نے بچپن سے ہی نماز کی پابندی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ وہ عمل ہے جو انسان کو ہرگناہ سے محفوظ کرتا ہے ۔ ان جلسوں میں جناب ظفر جاوید اعزازی سکریٹری ، ڈاکٹر میر اکبر علی خاں خازن سوسائٹی نے شرکت کی ۔ جناب محمد جعفر رکن سوسائٹی نے بارگاہ رسالت مآب ﷺ میں خراج عقیدت پیش کیا ۔ اسکول کے طلباء و طالبات نے آیات قرآنی کی تلاوت کی اور حمد باری تعالیٰ اور نعت شریف پیش کی ۔ آخر میں سلام بحضور خیر الانام ﷺ پیش کرتے ہوئے دعا کی گئی ۔ مولوی محمد وہاب پاشاہ قادری مولوی جناب محمد غوری اسکول اساتذہ نے نظامت کے فرائض انجام دئیے ۔ جناب محمد عمیر اور محترمہ نسیم اختر پرنسپل اسکولس نے خیر مقدم کیا ۔۔