سرکاری ہاسپٹل میں پوسٹ مارٹم کیلئے رشوت طلب کرنے کی شکایت

مٹ پلی۔/11جون، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مٹ پلی اندرا پریا درشنی کالونی ( بلال پورہ ) کے متوطن پلے پولکشمن 35سالہ شخص کی اہلیہ کئی دنوں سے بیمار تھی اور یہ شخص گھر کے حالات سے تنگ آکر نشہ کرنے کا عادی ہوگیا تھا۔ کل رات تنہائی میں مکان کے سامنے منڈھوا ( جھونپڑی ) کی لکڑی سے رسی لگاکر خودکشی کربیٹھا ۔ قریبی احباب پہنچ کر علاج کیلئے جیسے ہی دواخانہ لے کر گئے وہ مردہ حالت میں پایا گیا۔ اس موقع پر 20ویں وارڈ کے سابق میونسپل کونسلر محمد شاکر حسین صدیقی نے سیول ہاسپٹل کے طبی عملہ سے رجوع ہوکر پوسٹ مارٹم کی غیر ضروری تاخیر پر جانکاری حاصل کی جس پر پتہ چلا کہ پوسٹ مارٹم جلد کرنے کیلئے طبی عملہ ڈاکٹر نے 3ہزار روپیوں کا مطالبہ کیا۔اس کے ورثا رقم دینے کے موقف میں نہیں تھے تب ایک ہزار روپئے لیکر پوسٹ مارٹم کیا گیا۔ جس پر سابق کونسلر نے طبی عملہ کی تساہلی اور بروقت پوسٹ مارٹم نہ کرنے اور رشوت طلب کرنے کے الزام کی شکایت کرتے ہوئے متعلقہ اعلیٰ عہدیداران سے اے سی پی، ڈی ایس پی اور ویدیہ ودھان پریشد کوآرڈینیٹر سے شکایت کی اور مطالبہ کیا کہ طبی پیشہ کو نظرانداز نہ کریں اور غرباء اور ضرورت مند افراد کا بروقت علاج کرتے ہوئے انصاف کریں۔