سرکاری ہاسپٹل میدک میں واٹر پلانٹ کا افتتاح

میدک۔ یکم فبروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ضلع کلکٹر میدک شریمتی بھارتی ہولیکری کے ہاتھوں ایریا ہاسپٹل میدک میں مرکزی حکومت کی جانب سے منظور شدہ واٹر پلانٹ کا افتتاح عمل میں آیا۔ اس واٹر پلانٹ کی تنصیب میں صفا واٹر پلانٹ میدک اور ٹینی ویلا کا تعاون حاصل رہا۔ ضلع کلکٹر نے بعد افتتاح منرل واٹر پلانٹ سرکاری دواخانہ کے اندر اور باہر علاقہ کا مکمل معائنہ کیا۔ انہوں نے دواخانے کے اندر ابتر نظام صفائی اور باہری علاقہ میں دواخانے کے اطراف واکناف کچرے کے انبار کو دیکھتے ہوئے سپرنٹنڈنٹ ہاسپٹل ڈاکٹر پی سی شیکھر پر زبردست برہمی کا اظہار کیا۔ ونیز انہوں نے خواتین کے حمام خانوں کے تباہ شدہ ڈورس کو دیکھ کر عملے پر برہمی کا اظہار کیا اور اندرون ایک ہفتہ دوبارہ دواخانہ کا اچانک دورہ کرنے کا اعلان کیا، تب تک صفائی میں بہتری لانے اور حمام خانوں کے دروازوں کی درستگی کرنے کی ہدایت دی۔ اس موقع پر انہیں شریک مریضوں نے دواخانہ کی نرسوں کے خلاف شکایت کی۔ مریضوں نے کہا کہ جب بھی کسی مسئلہ کو لیکر یا کسی ضرورت پر نرسوں سے ملاقات کرنے پر ٹھیک انداز میں جواب نہیں دیا جاتا۔ نرسیس مریضوں کو جھڑکی والے انداز میں گفتگو کرتی ہیں جس پر ضلع کلکٹر نے نرسوں کو انتباہ دیتے ہوئے مریضوں اور ان کے اٹنڈنٹس کے ساتھ اچھا سلوک کرنے کی ہدایت دی۔انہوں نے کہا کہ آئندہ اس طرح کی شکایتیں ملنے پر خدمات سے معطل کردیا جائے گا۔ بھارتی ہولیکری نے ڈاکٹروں کو متوجہ کرتے ہوئے کہا کہ یہاں مریض شفایاب ہونے کیلئے آتے ہیں۔