سدی پیٹ۔/13اگسٹ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ایریا ہاسپٹل سدی پیٹ میں میں ڈیوٹی ڈاکٹر دھرما کی لاپرواہی سے شیام نامی نوجوان کی موت واقع ہوگئی۔ ڈاکٹر دھرما معطل اور دو اسٹاف نرسوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت دی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کی رات شیام نامی نوجوان کو مرگی کا دورہ آنے پر ایریا ہاسپٹل سدی پیٹ میں علاج کیلئے رجوع ہوا۔ بروقت علاج نہ ہونے کی وجہ سے صبح کی اولین ساعتوں میں اس نے دم توڑ دیا۔ شیام کے رشتہ داروں نے دواخانہ پہنچ کر ڈیوٹی ڈاکٹر کی لاپرواہی پر سخت احتجاج کیا اور یہ خبر تحصیلدار سدی پیٹ کو ملتے ہی تحصیلدار این وائی گیری نے فوری دواخانہ پہنچ کر واقعہ کی اطلاع محکمہ طبابت کے اعلیٰ عہدیداروں کو دی اور ڈسٹرکٹ عہدیداروں کو انچارج کلکٹر نے اے جی سی مورتی کو تحقیقات کرنے کیلئے ہدایت دی۔ اے جی سی مورتی کی رپورٹ کے مطابق کلکٹر نے ایریا ہاسپٹل سدی پیٹ کے ڈیوٹی ڈاکٹر کو لاپرواہی کی وجہ سے انہیں معطل کرنے کی ہدایت دی۔ کلکٹر کی ہدایت کی بنا ایریا ہاسپٹل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر شیوارام کو کمشنریٹ منسلک کرتے ہوئے ڈیوٹی ڈاکٹر کو معطل اور دو اسٹاف نرسوں کو فرض شناسی سے کام کرنے کی سختی سے ہدایت دی۔ اس اقدام پر سدی پیٹ ایریا ہاسپٹل اور ایم سی ایچ کے ڈاکٹرس اور دواخانہ کا عملہ احکامات کے خلاف آج ایریا ہاسپٹل کے سامنے احتجاج منظم کیا۔
وقف بورڈ انسپکٹر کا دورہ نیالکل
نیالکل۔/13اگسٹ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع میدک وقف بورڈ انسپکٹر جناب دستگیر احمد نے نیالکل منڈل کے مختلف علاقوں موضع ملگی میس واقع درگاہ حضرت محبوب سبحانی ؒ کی موقوفہ اراضی کا دورہ کیا جہاں مقامی مسلمانوں نے بتایا کہ درگاہ کی اراضی کی ابھی تک صحیح طور پر تصدیق نہیں کی گئی۔ تقریباً موقوفہ اراضی غیر مجاز طور پر قبضہ کی گئی ہے۔ جس پر انسپکٹر مسٹر دستگیر نے بہت جلد موضع ملگی کی اوقافی اراضی کا سروے کرنے کا تیقن دیا۔ محبوب علی نے بتایا کہ نیالکل منڈل میں کئی اوقافی اراضیات پر ناجائز طور پر قبضہ جات کئے گئے ہیں جس پر ریاستی وزیر ہریش راؤ کو ایک یادداشت بھی دی گئی جس پر انہوں نے فوری احکامات کرنے کا تیقن بھی دیا۔ اس موقع پر سابق سرپنچ ملگی عظیم الدین گڑو فقیر پاشاہ، محبوب علی کے علاوہ مقامی مسلمانوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔