دکن ریڈیو کے راست نشریہ پروگرام میں ایم اے حمید کے سوال جواب
حیدرآباد ۔ 28 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز): سرکاری ملازمتوں کے حصول کے لیے جو مسابقتی امتحانات ہوتے ہیں ان کے لیے نمونہ پرچہ سوالات کے مطابق تیاری کرنا چاہئے ۔ دکن ریڈیو کے راست نشریہ پروگرام میں امتحانات کی تیاری اور انٹرویو ٹیکنیک پر ایم اے حمید نے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے بتلایا کہ جاریہ تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن کے مسابقتی امتحانات کے بعد انٹرویو 50 نشانات کا ہے جس میں شریک ہونے کے بعد اس کے نشانات بھی شمار کئے جاتے ہیں اور قطعی انتخاب میں امتحان کے محصلہ نشانات اور انٹرویو کے نشانات شامل کرتے ہوئے منتخب کیا جائے گا ۔ فون پر ریکارڈ کئے گئے سوالات کے جوابات دئیے گئے اور دوران پروگرام راست طور پر سوالات کو شامل کرتے ہوئے جواب دیا گیا ۔ شخصی طور پر امیدواروں نے اسٹوڈیو میں بھی سوالات کیے ۔ اس خصوصی پروگرام میں تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن کے امتحانات میں شریک ہونے والے طلبہ کے لیے کافی رہنمائی کی گئی اور انٹرویو کے لیے اعتماد بحال رکھنے اور کس طرح انٹرویو میں شریک ہونا چاہئے ، اس کے ٹیکنیک بتائے گئے ۔ شہر حیدرآباد کے علاوہ اضلاع سے کئی امیدواروں نے سوالات کئے اور اپنے شکوک دور کیے ۔ بعض امیدواروں کا استدلال تھا کہ وہ کمیشن کے ویب سائٹ پر OTR ون ٹائم رجسٹریشن کرواچکے ہیں اس کے بعد کیا کرنا ہے ۔ انہیں معلوم نہیں جس کی وجہ کئی امیدوار فارم وقت پر داخل کرنے سے قاصر رہے ۔ اس کے لیے انہیں مشورہ دیا گیا کہ وہ نہ صرف روزانہ اخبارات کا مطالعہ کریں نوٹیفیکشن کا مشاہدہ کریں ۔ بلکہ ویب سائٹ پر بھی اعلامیہ اور اہم امور کو ملاحظہ کرتے رہیں ۔ پروگرام کو مسٹر زاہد فاروقی ریڈیو اسٹیشن ماسٹر اور فہیم انصاری نے مرتب کیا ۔ محمد منیر نے معاونت کی ۔ صدیقہ فاطمہ نے بڑی عمدگی سے سوالات پوچھے اور آخر میں شکریہ ادا کیا ۔ ہفتہ واری کیرئیر گائیڈنس پروگرام طلبہ اور نوجوانوں میں کافی مقبول ہوچکا ہے ۔۔