سرکاری ملازمتوں پر تقررات کے اعلامیہ سے قبل تحفظات کا اعلان کرنے پر زور

تقررات کی تعداد میں ماضی کے وعدہ سے انحراف، ترجمان تلگودیشم کی چیف منسٹر کے سی آر پر تنقید
حیدرآباد 26 جولائی (این ایس ایس) تلنگانہ تلگودیشم پارٹی نے چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ سے خواہش کی کہ وہ تلنگانہ میں مختلف سرکاری محکمہ جات میں مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کیلئے اعلامیہ جاری کرنے سے قبل ایس سی / ایس ٹی اور اقلیتوں کے تحفظات پر فیصلہ کریں۔ ترجمان تلگودیشم پارٹی مسٹر این نرسی ریڈی نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ تلنگانہ ریاست 15 ہزار جائیدادوں پر تقررات کا اعلان کیا جارہا ہے۔ تاہم تقررات کے اعلامیہ سے قبل ایس سی / ایس ٹی اور اقلیتوں کو فراہم کئے جانے والے تحفظات کا فیصلہ کریں کیونکہ عوام میں اس تعلق سے گہری تشویش پائی جاتی ہے۔ ترجمان تلگودیشم پارٹی نے چیف منسٹر کے سی آر کی جانب سے تلنگانہ قانون ساز اسمبلی میں اعلان کردہ بات پر توجہ دلائی کہ انھوں نے ایک لاکھ 7 ہزار 774 جائیدادوں پر تقررات کے اقدامات کئے جارہے ہیں لیکن اب حالیہ دنوں میں صرف 15 ہزار جائیدادوں پر تقررات سے متعلق اعلامیہ کی اجرائی کی تیاری سے متعلق مختلف باتیں منظر عام پر آرہی ہیں۔ مسٹر نرسی ریڈی نے مزید بتایا کہ کے سی آر ماضی کے وعدہ سے انحراف کررہے ہیں۔ اگر ایسا کیا گیا تو برسر اقتدار ٹی آر ایس پارٹی بالخصوص چیف منسٹر کے سی آر پر عوام کو گمراہ کرنے کا الزام ثابت ہوگا۔ انھوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ 15 ہزار جائیدادوں پر تقررات سے قبل مختلف سرکاری محکمہ جات میں مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات عمل میں لائیں۔ نرسی ریڈی نے کے سی آر کو یاد دہانی کروائی کہ گزشتہ 15 اگسٹ کو انھوں نے بحیثیت چیف منسٹر 50 ہزار جائیدادوں پر تقررات عمل میں لائیں گے۔ اس کے بعد انھوں نے ٹی آر ایس پلینری سیشن میں اس کی تعداد کو گھٹاکر 25 ہزار کا اعلان کیا۔ اس طرح کے سی آر اپنے متضاد بیانات کے معاملہ میں عوام میں مشہور ہوتے جارہے ہیں جبکہ ان کی غیر مستقل مزاجی سے عوام میں گہری تشویش پائی جاتی ہے۔ انھوں نے حکومت تلنگانہ سے اس بات کا مطالبہ کیاکہ وہ تقررات کے اعلامیہ کی اجرائی سے قبل ایس سی / ایس ٹی اور اقلیتوں کے لئے 12 فیصد تحفظات کا اعلان کریں۔