میدک۔/15فبروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) آئندہ تعلیمی سال کے آغاز کے موقع پر یعنی ماہ جون کی 12تاریخ کو تمام سرکاری مدارس کو درسی کتب فراہم کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں گے۔ سرکاری کتب کی فراہمی میں کوئی بھی عہدیدار غبن و تغلب کی پالیسیوں کو اپنانے کی اطلاعات پر فوجداری مقدمات درج کروائے جائیں گے۔ مہتمم تعلیمات ضلع میدک و گورنمنٹ ٹکسٹ بکس گودام میدک کا معائنہ کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ مہتمم تعلیمات میدک مسٹر جی رمیش بابو نے اپنے سب عہدیدار ڈپٹی ڈی او میدک و ایم ای او میدک مسرز سیمویل، نرشی کے ساتھ ٹکسٹ بکس گودام کا معائنہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میدک کے سرکاری مدارس کیلئے 23لاکھ 16ہزار درسی کتب کی ضرورت ہے جس میں جاریہ تعلیمی سال 2لاکھ 44ہزار بکس گودام میں موجود ہیں۔ اس لحاظ سے 20لاکھ 72ہزار ٹکسٹ بکس اندرون 10یوم گودام کو پہنچادیئے جائیں گے۔ ضلع میدک میں تعلیمی معیار میں انقلاب لانے کی غرض سے آئندہ تعلیمی سال کی نصابی کتابیں پیشگی منگوائی جارہی ہیں۔اس مقصد میں کامیابی کیلئے بکس کی سربراہی کیلئے متعین شدہ سی آر پیز کو حرکیاتی خدمات انجام دینی ہوں گی۔ مسٹر رمیش بابو نے کہا کہ بازار میں درسی کتب سپلائی کرنے کیلئے ضلع بھر میں 42افراد کو لائسنس کی اجرائی عمل میں آئی ہے۔ آئندہ تعلیمی سال کیلئے لائسنس کے حصول کے خواہشمندوں کو چاہیئے کہ جاریہ ماہ کی 22تاریخ تک اپنی درخواستیں پیش کردیں۔ اسی طرح سرکاری جانب سے تقسیم کئے جانے والے یونیفارمس میں 12جون تک سپلائی کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ مسٹر رمیش نے کہا کہ ضلع میدک میں دسویں جماعت کے نتائج صدفیصد لانے کیلئے مثبت اقدامات جاری ہیں۔ دسویں جماعت کے طلباء و طالبات کو اسپیشل کلاسیس کے ریفریشمنٹ کیلئے ضلع کلکٹر سمیتا سبھروال کی خصوصی دلچسپی سے40 لاکھ روپئے مختص کئے گئے ہیں جس میں سے 20لاکھ کی منظوری دی گئی ہے۔ اس موقع پر گورنمنٹ ٹکسٹ بکس سنٹر میدک کے منیجر مسٹر لکشمی نرسملو بھی موجود تھے۔ بعد ازاں ڈی ای او میدک نے چنا شنکرم پیٹ کا دورہ کرتے ہوئے ضلع پریشد اسکول کا معائنہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع میں 157 ضلع پریشد اسکولوں میں ماڈل اسکول کی عمارتوں کی تعمیر کیلئے فی اسکول 42 لاکھ مختص کئے گئے ہیں۔