اساتذہ کے عدم تقررات سے تعلیم متاثر ،بعض اردو اسکولوں میں ایک بھی ٹیچر نہیں: وائی نروتم
ظہیرآباد۔/20 جون، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) انچارج تلگودیشم پارٹی حلقہ اسمبلی ظہیرآباد وائی نروتم نے آج یہاں پارٹی آفس میں طلب کردہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سرکاری مدارس سے دانستہ طور پر غفلت برتنے کا ریاستی حکومت پر الزام عائد کیا اور کہا کہ ریاستی حکومت سرکاری مدارس میں اساتذہ کے عدم تقررات کے ذریعہ تعلیم کو متاثر کرتے ہوئے خانگی مدارس کو تقویت پہنچارہی ہے جبکہ کے جی تا پی جی مفت تعلیم کا وعدہ تاحال شرمندہ تعبیر ہونے سے محروم ہوگیا ہے۔ انہوں نے انکشاف کرتے ہوئے کہاکہ حلقہ اسمبلی ظہیرآباد میں 173 اردو مدارس کے بشمول 291 سرکاری مدارس ہیں جبکہ 73 ایسے اردو مدارس ہیں جن میں ایک بھی ٹیچر برسر خدمت نہیں ہے۔ اس پر طرفہ تماشہ یہ کہ 291 مدارس میں صرف 620 اساتذہ برسر خدمت ہیں جبکہ 290 جائیدادیں تقررات طلب ہیں۔ انہوں یاد دلایا کہ سرکاری مدارس غریب طالب علموں کے لئے حصول تعلیم کے واحد مراکز ہیں حکومت کی سرکاری مدارس کی ترقی سے عدم دلچسپی نے غریب سرپرستوں کو اپنے بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کی آرزو پر پانی پھیر دیا ہے۔ انہوں نے مزید یاددلایا کہ گزشتہ چار برسوں سے مخلوعہ جائیدادوں پر ودیا والینٹرس کا تقرر عمل میں لاتے ہوئے کام چلایا گیا لیکن اس عمل پر بھی ریاستی ہائی کورٹ کی جانب سے پابندی عائد ہوجانے کے باعث ریاستی حکومت کے پاس اب تقررات کے ذریعہ مخلوعہ جائیدادوں کو پُرکرنے کے سوا اور کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے۔ انہوں نے یہ بھی یاددلایا کہ سرکاری مدارس کی تعطیلات کے بعد یکم جون سے کشادگی عمل میں آئی ہے لیکن اساتذہ کے تبادلوں کے لئے یکم جون تا 27 جون کی مقررہ تاریخ نے تدریسی عمل کو بری طرح متاثر کردیا ہے۔ انہوں نے اس امر کی بھی وضاحت کردی کہ گزشتہ چار برسوں کے دوران اساتذہ کے تقررات کیلئے ریاستی حکومت نے ڈی ایس سی کا انعقاد عمل میں نہیں لایا ہے جس سے یہ بات عیاں ہوجاتی ہے کہ ریاستی حکومت کو اساتذہ کے تقررات سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے سرکاری مدارس سے متعلق اختیار کی گئی پالیسی سے یہی نتیجہ اخذ کیا جاسکتا ہے کہ حکومت خانگی مدارس کو بالراست تقویت پہنچا رہی ہے۔ اس موقع پر تلگودیشم کے دیگر قائدین نرسملو گور، کرشنیا، موہن ریڈی، مسعود حسین اور دوسرے موجود تھے۔
ٹرین کے نیچے گر کر
مسلم نوجوان ہلاک
کاغذ نگر۔/20 جون، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کاغذ نگر چنتا گوڑا کا ساکن مسلم نوجوان سید شوکت عمر 32 سال ٹرین کے نیچے گر کر ہلاک ہوگیا۔ تفصیلات کے بموجب کاغذ نگر کے چنتا گوڑا کا ساکن سید شوکت آج شراب کے نشہ میں ریلوے ٹراک کو عبور کرنے کے دوران ٹرین کی ٹکر سے برسر موقع ہلاک ہوگیا۔ ساوتھ سنٹرل ریلوے پولیس نے کیس درج رجسٹر کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا۔ بعد پوسٹ مارٹم نعش کو ورثاء کے حوالے کردیا گیا۔