سنگاریڈی۔7جنوری( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) آل انڈیا میناریٹی ویلفیر اسوسی ایشن کے قومی نائب صدر ایم اے منان شوکت ‘ سید انور احمد ضلع نائب صدر ‘ سیدغوث معین الدین ضلع صدر اور ایم اے جبار کے مشترکہ صحافتی بیان کے بموجب ریاستی ملازمین سرکار کے دیرینہ مطالبہ کی یکسوئی کیلئے کئی مرتبہ حکومت نے تیقن دیا تھا کہ تلنگانہ ریاست کے قیام کے فوری بعد پی آر سی سفارشات پر عمل آوری کرتے ہوئے ملازمین سرکار اور وظیفہ یابوں کے دیرینہ مطالبہ کی تکمیل کی جائے گی جن میں اضافی تدریجی( انکریمنٹ) اور رہائشی الاؤنس ( ایچ آر اے ) وظیفہ یاب ملازمین کو بھی فوری اثر کے ساتھ دسویں پی آر سی میں شامل کرتے ہوئے جی او کی اجرائی عمل میں لائی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ سابق میں دیگر ملازمین سرکار کے ہمراہ جدوجہد تلنگانہ تحریک میں 42 دن بحیثیت ملازمین ہم وظیفہ یاب بھی شامل رہے ۔ کئی ملازمین چند ماہ قبل وظیفہ پر سبکدوش ہوئے ہیں چنانچہ تمام وظیفہ یابوں کو پی آر سی و انکریمنٹ دینے کا مطالبہ کیا ۔ آل انڈیا میناریٹی ویلفیر اسوسی ایشن کے قائدین نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں تمام محکمہ جات کی مخلوعہ جائیدادوں کو فوری پُر کیا جائے ۔دفاتر میں مسلم ملازمین کی تعداد گھٹ چکی ہے ۔ چنانچہ فوری 12فیصد مسلم تحفظات پر عمل کرتیہوئے ریاست تلنگانہ کے ہر محکمہ میں مسلم تعلیم یافتہ نوجوانوں کو روزگار فراہم کیا جائے اور محکمہ اقلیتی بہبود کی اسکیمات کے ثمرات اقلیتی طبقات تک پہنچانے کے اقدامات کئے جائیں ۔ اقلیتی بہبود کیے ایک ہزار کروڑ بجٹ کو خرچ کرنے کے اقدامات کرتے ہوئے مسلم طبقہ کی فلاح و بہبودکی اسکیمات کے ذریعہ راست مسلم نوجوانوں کو قرض جاری کئے جائیں ۔ اردو زبان کی ترقی و ترویج کیلئے ضروری اقدامات کئے جائیں ۔ محکمہ ریونیو ‘ پولیس ‘ تعلیمات ‘ آر اینڈ بی ‘ پنچایت راج اور دیگر محکموں کی مخلوعہ جائیدادوں پر تعلیم یافتہ بیروزگار مسلم نوجوانوں کی بھرتی عمل میں لائی جائے ۔ غرباء میں وظائف کی تقسیم کی عمل آوری میں کئی مسائل سامنے آئے ہیں ۔ مسلم طبقہ کے غریب افراد کی جلد آسان طریقہ سے تحقیقات کرکے وظائف جاری کریں ۔ پکوان گیس صارفین کو سبسیڈی دی جاتی ہے جو کہ اب بینک کے ذریعہ دی جارہی ہے جس سے گیس صارفین میں مسائل پیدا ہورہے ہیں ۔ سابق کی طرح پکوان گیس سبسیڈی جاری کی جائے تو بہتر ہوگا ۔ انہوں نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ پٹرول اور ڈیزل کے دام انٹرنیشنل مارکٹ میں کم ہونے کے باوجود صارفین کو فائدہ پہنچانے میں ناکام ہے ۔