سرکاری عہدیدار نئے سال میں نئے جوش کے ساتھ کام کریں

نظام آباد:3؍ جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ضلع میں جاری فلاحی کاموں کی انجام دہی میں عہدیداروں کی دلچسپی ناگزیر ہے۔ ان خیالات کا اظہار وزیر بھاری و متوسط آبپاشی مسٹر پی سدرشن ریڈی نے کل رات آراینڈ بی گیسٹ ہائوز میں نئے سال کی مبارکباد پیش کرنے کیلئے منعقدہ اجلاس سے مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ نئے سال کے موقع پر آراینڈ بی گیسٹ ہائوز میں منعقد تقریب میں ضلع کلکٹر پردیو منا، جوائنٹ کلکٹر ہرشا وردھن، ایس پی ترون جوشی، اڈیشنل جوائنٹ کلکٹر شیشا دھری، سب کلکٹر بودھن ہری نارائن کے علاوہ مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں نے مسٹر سدرشن ریڈی کو گلدستہ پیش کرتے ہوئے مبارکباد پیش کی۔ عہدیداروں کے علاوہ مختلف سیاسی، سماجی، قائدین و صحافیوں نے بھی مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر مسٹر سدرشن ریڈی نے کہا کہ نئے سال میں نئے جوش کے ساتھ کام کرتے ہوئے اسکیمات کو روبہ عمل لاتے ہوئے عوام کو مستفید کرانے کی صورت میں عوام کو بے حد فائدہ حاصل ہوگا۔ گذشتہ سال ضلع کی ترقی میںعہدیداروں کا تعاون رہا اور اس سال بھی عہدیدار دلچسپی کے ساتھ کام کرتے ہوئے ضلع کی ہمہ جہتی ترقی میں رول ادا کرے تو بہتر ہوگا۔ ریاستی حکومت کی جانب سے پیش کردہ اسکیمات کی تکمیل کیلئے تین ماہ کا وقت رہ گیا ہے اور اس کیلئے حکومت کی جانب سے مکمل تعاون حاصل ہے اور ضلع کی عوام کو فائدہ مند کاموں کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں واقف کروانے کی صورت میں اس کیلئے تعاون کرنے کا ارادہ ظاہر کیا اور چیف منسٹر مسٹر این کرن کمارریڈی نے کلکٹریٹ کی نئی عمارت کیلئے 10 کروڑروپئے منظور کیا تھا لیکن 20کروڑ روپئے سے تخمینہ کیا گیا ہے ۔اس سلسلہ میں محکمہ فینانس سے بات چیت چل رہی ہے اور ایک دو دن میں اس کی منظوی حاصل ہوگی اور 100 سال تک جدید عمارت ضلع کی عوام کیلئے استعمال میں رہے گی۔ ضلع میں صنعتوں کے قیام کیلئے بھی کوشش کی جارہی ہے نندی پیٹ کے علاقہ میں فوڈ پراسینگ یونٹ کے قیام کیلئے 400 ایکر اراضی فراہم کی گئی ہے اور حکومت کی جانب سے تمام سہولتیں فراہم کی جارہی ہے اگر ضلع میں یہ صنعت قائم ہوئی تو 10 ہزار افراد کو ملازمتیں فراہم ہوگی انہوں نے تعلیمی شعبہ میں بہتر نتائج برآمد ہونے کے توقع ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ میعاری تعلیم کی فراہمی کیلئے عہدیدار کوششیں کریں گذشتہ سال میڈیکل کالج قائم کیا گیا اور پوسٹوں کی بھرتی بھی عمل میں لائی جارہی ہے

اور آئی ایس آئی دواخانہ کی منظوری کیلئے بھی کوشش کی جارہی ہے ۔150 بستروں پر مشتمل دواخانہ کے قیام کے بعد تمام ڈیلیوری یہاں پر انجام دی جائے گی۔ ضلع میں امن و ضبط کی صورتحال بھی بہتر ہے۔ ایس پی کی قیادت میں ضلع میں امن و ضبط کی برقراری کیلئے بہتر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے تلنگانہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ دو دن کے واقعات پر شریمتی سونیا گاندھی کو واقف کروانے کی صورت میں آندھراپردیش کانگریس انچارج ڈگ وجئے سنگھ اور جئے پال ریڈی، احمد پٹیل سے اس سلسلہ میں بات چیت ہوئی اور کانگریس ہائی کمان تلنگانہ کے قیام پر پابند عہد ہے 23 جنوری تک اسمبلی کی قرار داد کے مکمل کے بعد پارلیمنٹ میں بل پیش کرنے کے امکانات ظاہر کیا۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر مسٹر پردیو منا نے کہا کہ تمام اضلاع میں کلکٹریٹ کی جدید عمارتیں کی تعمیر عمل میں لائی گئی لیکن نظام آباد میں ابھی تک جدید عمارت کی تعمیر ادھوری ہے جس کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے 22 کروڑ روپئے سے تخمینہ کیا گیا ہے ۔ اس موقع پر جوائنٹ کلکٹر ہرش وردھن، ایس پی ڈاکٹر ترون جوشی، ضلع کانگریس صدر طاہر بن حمدان،اسٹیٹ ویر ہائوزنگ کارپوریشن کے صدر مہیش کمار گوڑ، ڈسٹرکٹ کوآپریٹو سنٹرل بینک کے چیرمین پٹواری گنگادھر، ضلع مہیلا کانگریس صدر ارونا تارا، صدر ضلع وقف کمیٹی محمد جاوید اکرم،سابق صدرضلع کانگریس گڑ گو گنگادھر، نائب صدر ضلع کانگریس کمیٹی اشفاق احمد خان، ضلع کانگریس سکریٹری تروپتی ریڈی، سابق کارپوریٹر رفعت محمد خان، کمشنر میونسپل کارپوریشن منگا تیارو، میونسپل ہیلت آفیسر ڈاکٹر محمد سراج الدین کے علاوہ دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔