نئی دہلی ۔ /5 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) دہلی کے لیفٹننٹ گورنر کے اختیارات میں سپریم کورٹ کے فیصلے سے کمی آنے کے بعد چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال کل لیفٹننٹ گورنر انیل بائیگل سے ملاقات کریں گے ۔ عام آدمی پارٹی اور لیفٹننٹ گورنر کے درمیان خوشگوار تعلقات نہیں ہیں ۔ کجریوال نے سرکاری عہدیدادروں کی تعیناتی اور تبادلے کے آج احکام جاری کردیئے جو لیفٹننٹ گورنر کے سابقہ احکام کے برعکس ہیں ۔ اس طرح ظاہر ہوتا ہے کہ لیفٹننٹ گورنر اور حکومت دہلی میں اب بھی ایک دوسرے سے تصادم جاری ہے ۔ چیف منسٹر دہلی نے سرکاری عہدیداروں کو انتباہ دیا کہ اگر وہ تبادلوں یا تعیناتی کے احکامات کی تعمیل نہ کریں تو انہیں اس کے سنگین نتائج کا سامنا کرنا ہوگا ۔ کل کی لیفٹننٹ گورنر دہلی اور چیف منسٹر کی سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد اولین ملاقات ہوگی ۔ کجریوال اس سلسلے میں آج گورنر بائیگل کو ایک مکتوب روانہ کرچکے ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ تقررات اور تبادلے مجلس وزراء کی ذمہ داری ہے ۔