سرکاری دواخانہ محبوب نگر کا معائنہ

محبوب نگر۔/20فبروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی حکومت سرکاری دواخانوں میں مریضؤں کے بہتر علاج اور مکمل دیکھ بھال کیلئے کئی ایک اقدامات روبہ عمل لارہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار ریاستی وزیر صحت ڈاکٹر سی لکشما ریڈی نے سرکاری دواخانہ محبوب نگر کے اچانک دورہ کے موقع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں انہوں نے دورہ کرتے ہوئے منتظمین کو سخت انتباہ دیا کہ مریضوں کے علاج میں غفلت پر سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے ہاسپٹل سپرنٹنڈنٹ میناکشی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے آئی سی یو سے وینٹیلٹر اور آکسیجن وغیرہ ہٹائے جانے پر اس کی وجوہات اور تفصیلات طلب کیں۔ واضح رہے کہ چند دن قبل ہی وزیر صحت کے ہاتھوں نئے آئی سی یو یونٹ کا افتتاح عمل میں آیا تھا۔