سرکاری دواخانوں کے قریب غذاء کی تقسیم کے رجحان میں اضافہ

رضاکارانہ تنظیموں سے نیلوفر ہاسپٹل اور مہدی نواز جنگ کینسر ہاسپٹل کے قریب کھانے کی تقسیم کا انتظام

حیدرآباد۔5اگسٹ(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد کے سرکاری دواخانوں میں غذاء کی تقسیم کے رجحان میں اضافہ ہونے لگا ہے اور مختلف تنظیموں کی جانب سے شہر کے سرکاری دواخانوں میں اب تک ناشتہ اور شام کے کھانے کا مختلف تنظیموں کی جانب سے اہتمام کیا جاتا تھا لیکن اب نیلوفر دواخانہ اور مہدی نواز جنگ کینسر ہاسپٹل کے قریب یومیہ 200 افراد کے لئے دوپہر کے کھانے کا بھی انتظام کیا جارہا ہے تاکہ مریضوںکے رشتہ داروں کو دوپہر کے وقت کھانے میں کوئی تکلیف نہ ہونے پائے۔ شہر حیدرآباد میں نیلوفر ہاسپٹل‘ مہدی نواز جنگ کینسر ہاسپٹل کے علاوہ فیور ہاسپٹل اور پیٹلہ برج زچگی خانہ کے قریب دواخانہ میں شریک مریضوں کے لئے ناشتہ اور رات کے وقت کے کھانے کا انتظام معمول کی بات ہوچکی تھی لیکن ان دواخانوں کے قریب اب بھی دوپہر کے کھانے کی ضرورت کو محسوس کیا جا رہا تھا لیکن نیلوفر ہاسپٹل اور مہدی نواز جنگ کینسر ہاسپٹل کے قریب گذشتہ تین ماہ سے دوپہر کے کھانے کا بھی انتظام کیا جارہا ہے ۔’’ یوتھ وتھ مشن فاؤنڈیشن ‘‘ نامی تنظیم کی جانب سے یومیہ 200تا250کھانے کے پیاکٹس کی تقسیم عمل میں لائی جا رہی ہے اور اس تقسیم کا مقصد دواخانہ سے رجوع ہونے والے غریب و پریشان حال افراد کیلئے غذاء کا انتظام کرنا ہے۔ جناب محمد فیصل جو کہ یوتھ وتھ مشن فاؤنڈیشن کے بانی ہیں نے بتایا کہ سرکاری دواخانوں سے رجوع ہونے والے بیشتر افراد کی مالی حالت ایسی نہیں ہوتی کہ وہ دواخانہ میں موجودہ اپنے رشتہ داروں کی تیمارداری کرتے ہوئے باہر کھانے پر خرچ کرسکیں اسی لئے انہوں نے سرکاری دواخانوں میں رہنے والے مریضوں کے رشتہ داروں کے کھانے کے انتظام کا فیصلہ کیا ۔ انہوں نے بتایاکہ ان لوگوں کے لئے صبح ناشتہ اور رات کے کھانے کا انتظام ہو رہا تھا لیکن دوپہر کے کھانے کے لئے ہونے والی مشکلات کو دیکھتے ہوئے انہوں نے اپنے طور پر تنظیم کے ذریعہ دوپہر کے کھانے کا انتظام کرنے کا فیصلہ کیا اوراس عمل کی شروعات مہدی نواز جنگ کینسر ہاسپٹل اور نیلوفر ہاسپٹل سے شروع کی گئی ہے اور بہت جلد اس عمل میں مزید وسعت دی جائے گی۔ جناب محمد فیصل نے بتایا کہ مریضوں کے رشتہ داروں کو کھانے کی سہولت کی فراہمی کا مقصد انہیں راحت پہنچانا ہے اور ان کی تنظیم کی جانب سے جاری اس عمل میں ان کے اپنے والینٹرس مددکرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت بالخصوص مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے چلائی جانے والی 5 روپئے میں دوپہر کے کھانے کی اسکیم سے مریضوں کے رشتہ داروں کو کافی مدد ملتی ہے لیکن اس کے باوجود کئی لوگ ایسے بھی ہوتے ہیں جو یہ 5روپئے بھی خرچ کرنے کے موقف میں نہیں ہوتے اسی لئے ان کی تنظیمکی جانب سے دوپہر کے کھانے کی فراہمی کا عمل شروع کیا گیا ہے۔