سرکاری دفاتر پر قومی پرچم لہرانے کی کوشش

نارائن پیٹ۔/17ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نارائن پیٹ میں آج بی جے پی کارکنوں نے 17ستمبر سقوط حیدرآباد کو یوم آزادی کے طور پر منانے کا مطالبہ کرتے ہوئے سرکاری دفاتر پر جبراً قومی پرچم ترنگا لہرانے کی کوشش کی۔ آج صبح کی اولین ساعتوں میں سب سے پہلے دفتر مجلس بلدیہ میں قومی ترنگا لہرایا گیا۔ بعد ازاں آر ڈی او آفس جبکہ اس کی گیٹ بند تھی دیوار پھاند کر کے اندر داخل ہوئے اور وہاں قومی پرچم لہرایا۔ پھر ایم پی ڈی او اور سنگل ونڈو دفاتر میںبھی ترنگا لہرایا گیا۔ اس موقع پر بی جے پی کے ریاستی قائد مسٹر ناگورراؤماموجی ایڈوکیٹ، پانڈو ریڈی سابق صدر ضلع بی جے پی، چیرپرسن بلدیہ شریمتی انسویا چندر کانت، چنا ریڈی، گوپال یادو نے وینکٹ راملو نائب چیرمین بلدیہ ناموجی ایڈوکیٹ، گندے چندرکانت، پربھاکر وردھن کے علاوہ ارکان بلدیہ ( بی جے پی) و دیگر کارکن موجود تھے۔ بعد ازاں مذکورہ بی جے پی قائدین محبوب نگر کے لئے روانہ ہوگئے تاکہ ضلع کلکٹر آفس و دیگر ضلعی سرکاری دفاتر قومی پرچم لہرانے کے سلسلے میں ضلع بی جے پی کے پروگرام میں شریک ہوسکیں تاہم انہیں پولیس نے مریکل کے قریب گرفتار کرلیا اور شام انہیں رہا کیا گیا۔ اس موقع پر بی جے پی قائدین نے 17ستمبر کو نظام دکن حیدرآبادسے آزادی کے جشن کے طور پر مناتے ہوئے قومی پرچم لہرانے کا حکومت سے مطالبہ کا اعادہ کیا۔ صبح سویرے نارائن پیٹ پولیس کو چکمہ دے کر محبوب نگر روانہ ہونے میں کامیاب ہوئے ۔تاہم انہیں مریکل میں گرفتار کرلیا گیا۔