سرکاری جونیر کالجس میں ٹیچنگ و نان ٹیچنگ اسٹاف کے تقررات

حکومت تلنگانہ سے منظوری ، بورڈ آف انٹر میڈیٹ اور محکمہ تعلیمات کو ہدایت
حیدرآباد ۔ 22 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ حکومت نے ریاست کے 79 سرکاری جونیر کالجس میں ٹیچنگ و نان ٹیچنگ کے جملہ 1133 جائیدادوں پر تقررات کی منظوری دی ہے ۔ اس سلسلے میں محکمہ فینانس کے سکریٹری این شیو شنکر نے جی او نمبر 170 جاری کرتے ہوئے 781 جونیر لکچررس ، 43 پرنسپلس ،78 فزیکل ڈائرکٹرس ، 78 لائبریرین ، 77 سینئیر اسسٹنٹس ، 76 جونیر اسسٹنٹس جملہ 1133 جائیدادوں پر تقررات کرنے کی بورڈ آف انٹر میڈیٹ اور محکمہ تعلیم کو ہدایت دی ہے ۔ بورڈ آف انٹر میڈیٹ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے ذریعہ ان جائیدادوں پر تقررات کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں ۔ انہوں نے بتایاکہ 2007-2014 کے درمیان کانگریس کے دور حکومت میں قائم کئے گئے 68 سرکاری جونیر کالجس کے لیے جائیدادیں منظور نہیں کی گئی تھی ۔ 2015-16 میں ایک اور 2016-17 میں 2 نئے جونیر کالجس قائم کئے گئے ۔ مزید 9 جونیر کالجس کیلئے 1133 جائیدادوں پر تقررات کو منظوری دی گئی ہے ۔ سرکاری جونیر کالجس اسوسی ایشن کے صدر پی مدھو سدن ریڈی نے حکومت کے اس فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کے 79 سرکاری جونیر کالجس میں کئی جائیدادیں طویل عرصہ سے مخلوعہ تھی انہوں نے کہا کہ سرکاری جونیر کالجس میں تعمیری معیار بلند کرنے اور کارپوریٹ اداروں سے مسابقت کرنے کیلئے 1133 جائیدادوں پر تقررات معاف و مددگار ثابت ہوگا ۔ انہوں نے چیف منسٹر کے سی آر ، ڈپٹی چیف منسٹر و وزیر تعلیم کڈیم سری ہری سے بھی اظہار تشکر کیا ہے ۔۔