سرکاری تعلیمی اداروں اور دواخانوں کی حالت بہتر بنانے کیلئے انقلابی اقدامات

سنگاریڈی۔/4جون، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) حلقہ اسمبلی گجویل کی ہمہ جہتی ترقی کیلئے خصوصی طور پر گجویل ڈیولپمنٹ اتھاریٹی تشکیل دی جائے گی جو حلقہ اسمبلی گجویل کی ترقی کیلئے ایک پیاکیج تیار کرے گی اور گجویل کو ریاست بھر میں مثالی بنانے کا کام انجام دے گی۔ گجویل ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کیلئے فی الحال ایک اسپیشل آفیسر کا تقرر کیا گیا اور عنقریب گجویل ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کو مکمل کارکرد بنایا جائے گا۔ اس کے علاوہ گجویل کے اُمور کی دیکھ بھال اور گجویل کے عوامی مسائل کی یکسوئی کیلئے دفتر چیف منسٹر میں ایک خصوصی پی اے متعین کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار مسٹر کے چندر شیکھر راؤ چیف منسٹر ریاستی تلنگانہ نے آج شام گجویل میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بحیثیت چیف منسٹر عہدہ کا جائزہ حاصل کرنے کے بعد کے سی آر نے اپنا پہلا جلسہ اپنے ہی حلقہ اسمبلی گجویل میں منعقد کیا۔ واضح ہو کہ مسٹر چندر شیکھر راؤ اسمبلی میں حلقہ گجویل کی نمائندگی کرتے ہیں۔

چیف منسٹر بننے کے بعد آج دوپہر گجویل پہنچے جہاں پر ان کا والہانہ اور پرجوش خیرمقدم کیا گیا۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اپنے سلسلہ خطاب کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ 14 سالہ طویل صبر آزما اور قربانیوں سے بھرپور جدوجہد کے بعد ہمیں اپنی علحدہ ریاست تلنگانہ حاصل ہوئی ہے، اب ہم تمام کی ذمہ داری اور فریضہ ہے کہ شب و روز محنت کرتے ہوئے اپنی ریاست تلنگانہ کی ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنائیں، ہمیں اپنی محنت سے خوابوں کو حقیقت میں بدلنا ہوگا۔ عوام نے بڑی امیدیں اور توقعات وابستہ کرتے ہوئے ٹی آر ایس کو اقتدار سونپا ہے۔ ٹی آر ایس عوام کی ان توقعات کو پورا کرنے کوئی کسر باقی نہیں رکھے گی۔ ٹی آر ایس حکومت کا ایقان ہے کہ نظم و نسق میں شفافیت، فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات کے ثمرات عام آدمی تک پہنچانا ہے تو سب سے پہلے سیاسی کرپشن کا خاتمہ کرنا ہوگا۔ ٹی آر ایس حکومت بہر صورت سیاسی کرپشن کا خاتمہ کرنا ہوگا۔ ٹی آر ایس حکومت بہر صورت سیاسی کرپشن کا خاتمہ کرے گی

اور اس میں ملوث افراد کو ان کے عہدے کا لحاظ کئے بغیر سخت سزا دی جائے گی۔ کے سی آر نے اپنی تقریر میں ٹی آر ایس حکومت کی اولین ترجیحات کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت ایس سی، ایس ٹی، بی سی اور اقلیتی بہبود پر توجہ دے گی اور آئندہ پانچ سالوں میں ان طبقات کی فلاح و بہبود پر ایک لاکھ کروڑ روپئے خرچ کرے گی جس میں ایس سی، ایس ٹی فلاح و بہبود کیلئے50 ہزار کروڑ روپئے مختص کئے جائیں گے۔ حکومت کی دوسری ترجیح شعبہ زراعت و آبپاشی ہوگی۔ ٹی آر ایس پارٹی کے انتخابی وعدے کے مطابق آئندہ دس دنوں میں کسانوں کے قرضہ جات کی معافی اور آٹو رکشا ٹیکس کی معافی کے جی او جاری کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کے اطراف 50کیلو میٹر کے دائرے میں ہارٹیکلچر کو فروغ دیا جائے گا اور گجویل میں ہارٹیکلچر ریسرچ اسٹیشن قائم کیا جائے گا۔ کے سی آر نے کہا کہ 12 ہزار کروڑ روپئے کے زرعی قرضہ جات معاف کئے جائیں گے جس سے ریاست تلنگانہ کے 22لاکھ کسانوں کو فائدہ ہوگا۔

تلنگانہ حکومت عوام کو تین لاکھ روپئے مالیتی مکان تعمیر کرکے مفت فراہم کرے گی۔ گجویل ٹاؤن میں گجویل عوام کیلئے 5ہزار مکانات تعمیر کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کارپوریٹ اسکولس و کالجس کی طرح سرکاری اسکولس و کالجس میں بھی تعلیم کی فراہمی ان کا خواب ہے جس کی تکمیل حکومت کی کے جی تا پی جی مفت تعلیم اسکیم سے ہوگی۔ سرکاری دواخانوں کی حالت کو بہتر بنانے انقلابی اقدامات کو ناگزیر قرار دیا اور کہا کہ آئندہ دنوں میں حکومت ہر ضلع میں نمس دواخانہ کے مماثل دواخانے قائم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات ختم ہوچکے ہیں چنانچہ سیاسی قلابازیوں کی اب ضرورت باقی نہیں رہی، اب ہم سب کو سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر ریاست تلنگانہ کی ترقی کیلئے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ جلسہ عام میں این نرسمہا ریڈی وزیر داخلہ، ٹی ہریش راؤ وزیر آبپاشی، بابو موہن، چنتا پربھاکر، مہیپال ریڈی، مدن ریڈی، رام لنگاریڈی، پدما دیویندرریڈی اراکین اسمبلی موجود تھے۔ شریمتی سمیتا سبھروال ضلع کلکٹر میدک نے خطبہ استقبالیہ پڑھا۔ جلسہ کے فوری بعد حلقہ اسمبلی گجویل کی ترقی کیلئے ایک خصوصی جائزہ اجلاس منعقد کیا گیا۔