سرکاری اسکولوں میں معیاری تعلیم، بہتر سہولتیں

کلواکرتی میں طالبات میں کے سی آر ہیلت کٹس کی تقسیم، ایم ایل سی نارائن ریڈی کا خطاب

کلواکرتی۔/26 اگسٹ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کلواکرتی کے گرلز ہائی اسکول میں طالبات میں کے سی آر ہیلت کٹس کی تقسیم کے موقع پر ایم ایل سی کے نارائن ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر نے سنہرے تلنگانہ کا جو خواب دیکھا اس کی تکمیل کی خاطر ہمہ جہتی ترقیاتی کام کے علاوہ سرکاری اسکولوں کے طالبات کو صحت مند بنانے کیلئے بھی ہر ممکن کوشش کررہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اس کٹ میں طالبات کی ضرورت کی جتنی چیزیں ہونا ضروری ہے وہ تمام شامل ہیں اور یہ صرف ایک مرتبہ ہی نہیں بلکہ سال میں تین مرتبہ طالبات کو مہیا کرایا جائے گا۔ یہ اسکیم قبل ازیں کسی بھی چیف منسٹر نے شروع کی تھی ۔ اچھی تعلیم و تربیت کے لئے متعدد اقامتی اسکول اور بہترین باصلاحیت اساتذہ کا تقرر کے جی سے پی جی تک مفت تعلیم مہیا کرائی جارہی ہے جو قابل تعریف ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج سرکاری اسکولوں کی طرف والدین اپنے بچوں کو روانہ کررہے ہیں۔ ایم ایل سی نے اساتذہ سے خواہش کی کہ آپ ایک باصلاحیت مدرس ہیں اپنی تمام تر صلاحیتوں کے ساتھ تعلیم دیں۔ طالبات کیلئے مشکل مضامین کو مزید خارجی اوقات میں پڑھانے کیلئے اپنی طرف سے اساتذہ کے تقرر کی یقین دہانی کرائی اور طالبات سے اخبار کے مطالعہ کی خواہش کی۔ قبل ازیں ایم ایل سی نے طالبات کے لئے دوپہر کے کھانے کا بھی معائنہ کیا جہاں ناقص چاول کا پتہ چلا، فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے ایم ای او کو اچھے چاول فراہم کرنے کا حکم دیا اور صدر مدرس کو اپنی ذمہ داری کا احساس دلایا۔ اس موقع پر سابق رکن اسمبلی کشٹا ریڈی، چیرمین بلدیہ سری سیلم، کمشنر بلدیہ روی کمار کے علاوہ ٹی آر ایس پارٹی کارکنان کی کثیر تعداد موجود تھی۔