نئی دہلی۔ 27 اگست (سیاست ڈاٹ کام) وزیر فروغ انسانی وسائل سمرتی ایرانی نے آج تمام ریاستی حکومتوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ آئندہ سال جولائی تک سرکاری اسکولوں میں طالبات کیئے بیت الخلائیں تعمیر کرنے کا ایک حرکیاتی منصوبہ بناکر اس پر تیزی سے عمل کریں۔ سمرتی ایرانی کی یہ ہدایت وزیراعظم نریندر مودی کے سوچھ بھارت مہم کا حصہ ہے۔ وزیراعظم نے اپنی یوم آزادی تقریر میں صاف ستھرا ہندوستان کا نعرہ بلند کیا تھا۔ مودی نے ہندوستانیوں پر زور دیا تھا کہ وہ اس ملک کو صاف ستھرا اور صحت بخش ماحول والا بنائیں جہاں ہم سکون سے صاف ستھری ہوا لے سکیں۔ سمرتی ایرانی نے ملک کی تمام ریاستی حکومتوں کو پابند کردیا ہے کہ وہ سرکاری اسکولوں میں بیت الخلاؤں کی تعمیر کو یقینی بنائیں۔ وزیراعظم کے منصوبے کے مطابق ملک کو صاف ستھرا رکھنا ایک بڑی ذمہ داری کا کام ہے۔