سرکاری اراضی کی فروخت میں مدد ‘ سب رجسٹرار گرفتار

حیدرآباد ۔ 28 ؍ مئی (سیاست نیوز) کروڑہا روپئے کی سرکاری اراضیات کو ریئل اسٹیٹ کمپنیوں کو فروخت کرنے میں مدد کرنے والے ایک سب رجسٹرار اور دیگر دو افراد کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 25 مئی کو ضلع میڑچل کے ڈسٹرکٹ رجسٹرار مسٹر ایم سیدی ریڈی نے کوکٹ پلی پولیس میں شکایت درج کروائی جس میں بتایا کہ ٹرینیٹی انفرا وینچرس لمیٹیڈ کے ذمہ داران پی ایس پارتھا سارتی نے سوویشال پاور کمپنی کے ڈائرکٹر پی وی ایس شرما کو میاں پور ویلیج سری لنگم پلی منڈل میں واقع 693 ایکڑ اراضی کو سب رجسٹرار آفس کوکٹ پلی میں فروخت کر دیا ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کیا اور بعد تحقیقات یہ معلوم ہوا کہ مذکورہ سرکاری اراضیات جس کی مالیت 587 کروڑ سے زیادہ ہے کو مجرمانہ سازش کے ذریعہ فروخت کر دیا گیا جس میں سب رجسٹرار کوکٹ پلی رچہ کنڈہ سرینواس نے پارتھا سارتی اور پی وی ایس شرما کی مدد کی ۔ تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ ڈپٹی کلکٹرسری لنگم پلی 2007 میں یہ واضح طور پر محکمہ رجسٹریشن اور اسٹامپس کو بتایا کہ سری لنگم پلی میں واقع اراضی جسکا سروے نمبر 20, 28, 100, 101  ہے سرکاری اراضی ہے ۔ لیکن پارتھا سارتی نے امیر النساء بیگم اور دیگر کے نام پر جی پی اے حاصل کرنے کا دعوی کرکے اراضی فروخت کردی ۔ پولیس نے تین ملزمین بشمول سب رجسٹرار کو گرفتار کرکے آج مجسٹریٹ کے مکان پر پیش کیا اور بعدازاں انہیں جیل منتقل کر دیا ۔