سرپور پیپر ملز کے عدم احیاء پر زبردست احتجاج کا انتباہ

کاغذنگر /19 جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) سرپور پیپر ملز بند ہوکر چار ماہ کا عرصہ گذر چکا لیکن فیاکٹری کی انتظامیہ ٹس سے مس نہیں ہو رہی ہے اور فیاکٹری کے مزدوروں کی زنجیری بھوک ہڑتال جاری ہے ۔ اسی ضمن میں مہاجنا سوشلسٹ پارٹی اور مادیگا ریزرویشن پوراٹا سمیتی کے اراکین نے اظہار یگانگت کے ذریعہ ایک روزہ زنجیری بھوک ہڑتال میں حصہ لیا ۔ اس موقع پر جناب محمد رضی حیدر ریاستی صدر مہاجنا سوشلسٹ پارٹی نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ فیاکٹری کی انتظامیہ ایک منظم طریقہ سے فیاکٹری بند کرچکی ہے اور اس کا احیاء ناممکن دکھائی دے رہا ہے ۔ فیاکٹری کا انتظامیہ خسارہ کا اعلان کرکے حکومت سے مزید سو کروڑ روپئے کے قرض کا مطالبہ کر رہی ہے ۔ ریاستی حکومت اور مرکزی حکومت کے علم میں بھی یہ بات لائی گئی لیکن وہ قرض سے محروم رہی ۔ جناب محمد رضی حیدر نے تلنگانہ کے چیف منسٹر مسٹر چندر شیکھر راؤ پر یہ الزام لگایا کہ فیاکٹری کے بند ہوجانے پر موصوف بھی خاموشی کا اظہار کر رہے ہیں ۔ حالانکہ انہوں نے تلگودیشم پارٹی کے اعلی عہدیداروں کو نظام شوگر فیاکٹری ، سرسلک فیاکٹری ، اعظم جاہی ملز اور DBR ملز بند کروادینے کا ذمہ دار ٹہرایا جبکہ تلگودیشم پارٹی اقتدار میں تھی ۔ مسٹر چندر شیکھر راؤ نے 400 کروڑ روپئے حسین ساگر کی صفائی کیلئے اور کمرم بھیم پراجکٹ کی تعمیر کیلئے 50 کروڑ روپئے کی منظوری دے سکتے ہیں تو سرپور پیپرملز کی انتظامیہ کو سو کروڑ روپئے کا قرض نہیں دلواسکتے ۔ تعجب کی بات ہے ۔ جناب رضی حیدر نے کہا کہ چیف منسٹر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد انہوں نے ضلع عادل آباد کا دوبارہ دورہ کیا لیکن اپنی تقاریر میں سرپور پیپرملز کا ذکر ہی نہیں کیا ۔ مسٹر نائینی نرسمہا ریڈی تلنگانہ کے لیبر منسٹر ہی نہیں بلکہ سرپور پیپر ملز کی مزدور یونین کے پریسیڈنٹ بھی ہے اور مسٹر دتاتریہ مرکزی حکومت کے لیبر منسٹر ہیں جن کا تعلق ریاست تلنگانہ سے ہی ہے ۔ ایسے حالات میں مسٹر چندر شیکھر راؤ مسٹر نریندر مودی وزیر اعظم سے نمائندگی کرکے فیاکٹری کے احیاء کو ممکن بناسکتے ہیں لیکن چیف منسٹر تلنگانہ کو سرپور پیپر ملز کے مزدوروں سے ذرا بھی ہمدردی نہیں ہے ۔ جناب محمد رضی حیدر سینئیر ایڈوکیٹ نے کہا کہ 14 فروری تک فیاکٹری کا احیاء ممکن نہ ہوسکا تو وہ مسٹر چندر شیکھر راؤ کی رہائش گاہ کے روبرو دھرنا دیں گے ۔ پارلیمنٹ میں اس مسئلہ کا حل تلاش کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ 22 جنوری کو مسٹر چندر شیکھر راؤ ضلع عادل آباد کے اوٹنور منڈل کے موضع ناگوبا کا دورہ کرنے کا امکان ہے ۔ انہیں فیاکٹری کے مزدوروں کی جانب سے ایک یادداشت پیش کی جائے گی ۔ اس موقع پر مسٹر بی این رمیش اسٹیٹ پریسیڈنٹ MRPSمسٹر رام چندر ڈسٹرکٹ انچارج مسٹر کیشو راؤ اسٹیٹ ممبر ، حافظ سید غوث ڈسٹرکٹ وائس پریسیڈنٹ جناب محمد ارشد سکریٹری جناب محمد سجاد ، ٹاون پریسیڈنٹ بھی موجود تھے ۔