سرپور ٹاؤن /30 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سرپور ٹاؤن سب انسپکٹر آف پولیس راما راؤ کی نگرانی میں منڈل کے گرام پنچایت لکشمی پور میں سوچھ بھارت پروگرام کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس موقع پر لکشمی پور گرام پنچایت کے حدود میں صاف صفائی کی گئی، خاص طورپر گاؤں سے باہر جانے والی سڑکوں کی دونوں جانب جھاڑیوں کی صفائی کی گئی اور سڑک پر موجود کچرے کو ہٹایا گیا۔ اس موقع پر مسٹر راما راؤ نے کہا کہ صاف ستھرا ماحول رکھنے سے بیماریوں کی روک تھام ہوتی ہے اور چھوٹے چھوٹے بچے صحت مند رہتے ہیں، لہذا اپنے اپنے گھروں کے اطراف صفائی کا خاص خیال رکھا جائے۔ انھوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ پینے کے لئے صاف پانی کا استعمال کریں۔ انھوں نے کہا کہ نالیوں کی گندگی کی وجہ سے مچھروں کی افزائش ہوتی ہے، لہذا روزانہ کچرے دان اور نالیوں کی صفائی ضرور کی جائے۔ اس موقع پر مقامی سیاسی قائدین اور عوام کی کثیر تعداد موجود تھی۔