یلاریڈی۔/25 مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) منڈل لنگم پیٹ مستقر پر وارڈ نمبر ایک میں پینے کے پانی کی قلت دور کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے عوام نے راستہ روکو دھرنا منظم کیا۔ عوام نے یلاریڈی ۔ کاماریڈی شاہراہ پر خالی گھڑوں کے ساتھ دھرنا دیتے ہوئے احتجاج کیا۔ اس بات کی اطلاع ملتے ہی سب انسپکٹر مسٹر راکیش نے مقام احتجاج پر پہنچ کر عوام کو سمجھایا لیکن عوام نے اس مسئلہ کو حل کرنے کا تیقن دینے تک احتجاج ختم نہ کرنے پر بضد رہے جس پر سب انسپکٹر نے سرپنچ بالامنی کو طلب کرکے سرپنچ سے تیقن دلایا کہ بہت جلد پانی کا مسئلہ حل کرلیا جائے گا۔ لیکن یہاں پر یہ بات قابل ذکر ہے کہ تشنگی دور کرنے پر احتجاج کررہی عوام کے خلاف منڈل سب انسپکٹر مسٹر راکیش نے 10افراد کے خلاف کیس درج کیا کہ انٹر میڈیٹ کے امکانات کے پیش نظر نافذ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے احتجاج کیا۔ وی آر او نوین کی شکایت پر سب انسپکٹر نے 10افراد کے خلاف کیس درج کیا۔ جس میں لنگم پیٹ مستقر کے ایک نمبر وارڈ سے تعلق رکھنے والے جنگم الورہ، سائیلو، راجا بھوانی، ایم سائیلو شامل ہیں۔ سرکاری ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دھرنا اور راستہ روکو احتجاج کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا انتباہ دیا۔ اس طرح عوام پیاس بجھانے کا مطالبہ کرتے ہوئے ضابطہ اخلاق قانون کی خلاف ورزی کا شکار ہوگئے۔