سرپور ٹاؤن تا حیدرآباد ٹرین کی منظوری کا تیقن

کانگریس کارکنوں کے اجلاس سے پارلیمانی امیدوار رمیش راتھوڑو اقلیتی قائد محمد عبدالشکیل کا خطاب

سرپور ٹاؤن۔ 28 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سرپور ٹاؤن مستقر کے ذیشان فنکشن ہال میں 27 مارچ کی شام کانگریس پارٹی قائدین اور کارکنوں کے اجلاس کا انعقاد عمل میں آیا۔ اجلاس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے کانگریس رکن پارلیمان امیدوار رمیش راتھوڑ، کانگریس اسٹیٹ جنرل سیکریٹری مائناریٹی محمد عبدالشکیل، کانگریس پارٹی تعلقہ انچارج ڈاکٹر پلوائی ہریش راؤ اور ڈسٹرکٹ مائناریٹی صدر محمد یونس حسین نے شرکت کی۔ کارروائی نائب صدر منڈل پریشد محمد سہیل احمد نے چلائی۔ اس اجلاس میں شرکت کرنے والوں میں منڈل پریشد معاون رکن ایم اے عقیل، سینئر ایڈوکیٹ ایم اے یقین، کانگریس مائناریٹی قائد، محمد احمد، سابق میونسپل چیرمین، محمد دستگیر، سابق ضلع پریشد چیرمین گنپتی ایس سی، ایس ٹی اور بی سی اور مسلم مائناریٹی قائدین کے علاوہ کانگریس پارٹی قائدین اور کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر کانگریس پارٹی رکن پارلیمان امیدوار رمیش راتھوڑ نے کہا کہ عوامی مسائل کی یکسوئی کرنے میں ٹی آر ایس پارٹی مکمل ناکام ہوگئی ۔ انہوں نے اس موقع پر سرپور ٹاؤن تا حیدرآباد جانے کیلئے ٹرین کی منظوری کروانے کا تیقن دیا۔ کانگریس اسٹیٹ جنرل سیکریٹری مائناریٹی محمد عبدالشکیل نے کہا کہ کانگریس کی بدولت مسلمانوں کو تحفظات دیئے گئے ہیں لیکن ٹی آر ایس حکومت مسلمانوں کو 12% تحفظات کے نام پر گمراہ کررہی ہے۔ کانگریس امیدوار کو بھاری اکثریت سے کامیاب کریں۔ رکن پارلیمان کانگریس امیدوار رمیش راتھوڑ سے کہا کہ انتخابات کے بعد عوامی مسائل کی یکسوئی کیلئے کم از کم 6 مہینوں میں ایک مرتبہ آکر کانگریس کارکنوں کا اجلاس طلب کرنے کا مشورہ دیا اور خاص طور پر مستقر سرپور ٹاؤن سے حیدرآباد جانے کیلئے ٹرین کا سرپور ٹاؤن ریلوے اسٹیشن پر روکنے کا مشورہ دیا اور عوامی مسائل کی یکسوئی کیلئے دورہ کرنے کا بھی مشورہ دیا گیا۔ بعدازاں نائب صدر منڈل پریشد محمد سہیل احمد کے شکریہ پر اجلاس کا اختتام عمل میں آیا۔ کانگریس انچارج ڈاکٹر پی ہریش راؤ، سری ہری نے بھی خطاب کیا۔