سرپورٹاؤن ۔ 19ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی اور مرکزی حکومت کی جانب سے ہر سال مسلم اقلیتوں کے طلبہ کو تعلیمی قابلیت میں اضافہ اور تعلیمی سہولت اور مدد کے طور پر بی پی ایل (BPL)مسلم اقلیتوں کے بچوں کو اسکالرشپس کی سہولت دی جارہی ہے ۔ اردو میڈیم سونپیٹ اسکول سرپور ٹاؤن اول تا پانچویں جماعت موجود ہے ۔ ہر سال اردو میڈیم اسکول کے مسلم طلبہ کو کچھ نہ کچھ اسکالرشپس کی منظوری ہوتی ہے جس کی وجہ سے غریب اور مستحق مسلم بچوں کو اسکالرشپس کی رقم کارآمد ثابت ہوئی لیکن اس سال مسلم میناریٹی اسکالرشپس آن لائن درخواستیں داخل کرنے کی آخری تاریخ 20ستمبر رکھی گئی ۔ اس ضمن میں سونپیٹ اردو میڈیم اسکول کے طلبہ اور والدین کی جانب سے آن لائن میناریٹی اسکالرشپس کرنے کیلئے می سیوا سنٹر اور انٹرنیٹ جانے پر پتہ چلا کہ سونپیٹ اردو میڈیم میں پانچ کلاسیس ہیں لیکن صرف اول جماعت اور دوم جماعت کے طلبہ آن لائن اسکالرشپس درخواستیں داخل کرسکتے ہیں اور تیسری جماعت ‘ چوتھی اور پانچویں جماعت کے طلبہ اسکالرشپس آن لائن کرنے کی سہولت دستیاب نہیں ہے ۔ اس ضمن میں سونپیٹ اردو میڈیم ہیڈ ماسٹر محمد خلیل الدین نے مقامی سطح پر کوشش کی اور منڈل ایجوکیشن آفیسر پربھاکر نے بھی ضلع عادل آباد کے اعلیٰ عہدیداروں کو مسلم اقلیتی طلبہ آن لائن کی درخواستیں داخل کرنے سے محروم ہونے کی تفصیلات بتائی‘ لیکن اس کے باوجود مسئلہ جوں کا توں ہے ۔ ریاستی میناریٹی عہدیداروں سے سرپور ٹاؤن کے مسلم اقلیتی قائدین نے فون پر بتانے پر ریاستی میناریٹی عہدیداروں کی جانب سے مشورہ دیا جاتا ہے کہ آپ یعنی ضلع مستقر کے میناریٹی عہدیداروں سے ربط پیدا کرتے ہوئے مسائل کی یکسوئی کرلیں جب کہ 20ستمبر آخری دن ہے ۔ اگر 20ستمبر کے اندرون مسلم اقلیتوں کے آن لائن میناریٹی اسکالرشپس کی درخواستیں داخل کی گئی تو مستقبل میں مسلم بچوں کو آنے والی مسلم میناریٹی اسکالرشپس سے محروم ہوجائیں گے ‘ اس لئے سرپورٹاؤن کے سونپیٹ اردو میڈیم اسکول کے اولیائے طلبہ اور مسلم اقلیتی قائدین کی جانب سے متعلقہ میناریٹی عہدیداروں سے مطالبہ ہے کہ جلد از جلد سونپیٹ اردو میڈیم اسکول کے تیسری ‘چوتھی اور پانچویں جماعت کے مسلم طلبہ کو مسلم میناریٹی اسکالرشپس آن لائن کرنے کی سہولت فراہم کریں ۔